اسلام آباد ہائی کورٹ نے یوسف گیلانی کی 9ویں کیس میں حفاظتی ضمانت منظورکرلی ‘ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم

بدھ 2 ستمبر 2015 18:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کے 9ویں کیس میں بھی حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا،یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں آج اسی وجہ سے پیش ہوئے، پیپلز پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں،ایف آئی اے نے دو دن قبل ملتان میں میرے گھر کے ملازمین کو حراساں کیا،نیب سب کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کواسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے 9ویں مقدمے میں بھی حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس نور الحق قریشی نے درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ضمانت منظور کئے جانے کے بعد عدالت کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے وکلاء اور حامیوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں اورامتیاز ی سلوک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کرائی تو ایک اور مقدمہ بنا دیا گیا ،اب اس کی بھی ضمانت کرا لی ہے پتہ چلا ہے کہ پانچ چھ اور کیسز بنائے جا رہے ہیں جب بنیں گے دیکھ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے پرسوں میرے گھر پر بھی چھاپہ مارا ، میرے ملازمین کو ہراساں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے کیسز کا سامنا کیا اور عدالتوں میں پیش ہوئے ، بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری بھی عدالتوں کے احترام میں پیش ہوئے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ، عدالتوں کے احترام ہی کی وجہ سے یہاں پہنچے ہیں ، تمام مقدمات کا سامنا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ میری کردار کشی کی جا رہی ہے جسے برداشت نہیں کروں گا۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے وکلاء فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالت ایف آئی اے کو مزید کیسز درج کرنے سے روکے ،تعصب نہ کیا جائے 17سال پرانے کیسز کھولے جا رہے ہیں