مشرف نے اپنے دوراقتدار میں اپنے،اپنے بچوں یا رشتہ داروں کے لئے کوئی جائیدادنہیں بنائی، ڈاکٹرمحمد امجد

کوئی بنک بیلنس اوربیرون ملک اثاثے نہیں ہیں،آج جن لوگوں کی کرپشن سامنے آرہی ہے ان کا تعلق پرویز مشرف کے دوراقتدار سے نہیں،ترجمان آل پاکستان مسلم لیگ

بدھ 2 ستمبر 2015 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ (APML)کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل کے قائد سید پرویز مشرف نے اپنے دوراقتدار میں اپنے،اپنے بچوں یا رشتہ داروں کے لئے کوئی جائیدادنہیں بنائی۔ان کا کوئی بنک بیلنس اور بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں،نہ ہی انہوں نے کرپشن کی آٹھ سالوں سے تحقیقات ہورہی ہیں اگرایسی کوئی بات ہوتی تو ضرورسامنے آتی۔

جن حکمرانوں نے کرپشن کرکے ملک اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائی ہیں ان کے تذکرے زبان زدعام ہیں،آج جن لوگوں کی کرپشن سامنے آرہی ہے ان کا تعلق پرویز مشرف کے دوراقتدار سے نہیں بلکہ ان کے بعد اقتدارمیں آنے والی نام نہادجمہوری حکومتوں سے ہے۔ ہماری مخالف سیاسی جماعتوں کے ایجنڈے پرکام کرتے ہوئے ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل کا نام استعمال کرکے سید پرویز مشرف کے خلاف زہراگلاہے،صحافی کوکسی جماعت کے ایجنڈے یا ذاتی عناد کی بجائے حق اور سچ کی بات کرنی چاہئیے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرسابق صدر کرپٹ ہوتے تو آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف کی طرح اندرون اور بیرون ممالک اپنے،اپنی اولادیارشتہ داروں کے لئے اثاثے بناتے مگر نہ تو ان کاکوئی بنک بیلنس ہے اور نہ ہی بیرون ممالک جائیدادیں۔جن حکمرانوں نے کرپشن کی ان کے سوئٹزرلینڈ،برطانیہ،فرانس اور دوبئی میں جائیدادیں،بنک بیلنس اور بڑے بڑے کاروبار ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کے بعد برسراقتدار آنے والی دونوں جماعتیں ان کی مخالف تھیں جو ایڑی چوٹی کا زور لگا کر بھی ان پر کرپشن ثابت نہ کرسکیں۔دوسال سے پرویز مشرف نظربندی کی زندگی گزاررہے ہیں اور ایف آئی اے اور نیب اپنی تحقیقات کے دوران ان پر کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہ کرسکیں۔اے پی ایم ایل کے راہنما نے کہا کہ جن لوگوں کی کرپشن بے نقاب ہورہی ہے ان کا تعلق پرویزمشرف دور سے نہیں بلکہ ان حکمران جماعتوں سے ہے جو جمہوریت کی علمبردارہیں۔

دونوں جماعتوں کی قیادت نے قومی دولت لوٹ کر اپنے کاروبار اور اثاثوں کے حجم میں بے پناہ اضافہ کیاہے مگر مذکورہ صحافی کو ان کی کرپشن نظرنہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ صحافت کی بنیاد کسی جماعت کا ایجنڈایاذاتی عناد نہیں بلکہ حق اور سچ ہونی چاہئیے۔