حکومت ہمیں کمزور نہ سمجھے، 4ستمبر کو پورے ملک میں ٹرانزیکشن نہیں ہونے دیں گے،اجمل بلوچ

بدھ 2 ستمبر 2015 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) آل پاکستان تاجر اتحاد کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ بینکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو ختم کیا جائے، حکومت ہمیں کمزور نہ سمجھے،ہم 4ستمبر کو پورے ملک میں ٹرانزیکشن نہیں ہونے دیں گے،9ستمبر کو آل پاکستان ہڑتال کر کے حکومت کو دکھائیں گے کہ انجمن تاجران ملک میں زندہ ہے۔ وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر انجمن تاجران کے مرکزی صدر چوہدری کاشف ،جنرل سیکرٹری شہزاد افتخار ، جی ٹین کے صدر رانا قدیر اور سپر مارکیٹ کے صدر سرفراز بھی موجود تھے۔اجمل بلوچ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے ہم یہ کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے، یہ حکومت ڈنڈا گروپ کی حکومت ہے، سب آئی ایم ایف کے ملازم ہیں، حکومت کو چاہیے کہ اسحاق ڈار کو برطرف کرے، آج سارے ملک میں احتجاج ہو رہا ہے، خیبر سے کراچی تک لوگ سڑکوں پر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مال پر ڈاکہ ڈال رہی ہے،اس ٹیکس کی وجہ سے ملک کا پہیہ چلنا پھر سے بند ہو گیا ہے،اگر یہ ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو ہم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، اور مسلم لیگ(ن) کو رخصت کر کے دیکھائیں گے اور ہولڈنگ ٹیکس کی بجائے ہر قسم کا ٹیکس بھی بند کردیں گے۔