میر ظفراللہ خان جمالی کا ہاکی فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر شدید تحفظات کااظہار

جمعرات 3 ستمبر 2015 12:27

میر ظفراللہ خان جمالی کا ہاکی فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر شدید تحفظات ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفراللہ خان جمالی نے ہاکی فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ اس انداز سے نہیں ہوا جو وزیراعظم نواز شریف سے ان کی ملاقاتوں میں طے ہوا تھا۔میر ظفر اللہ جمالی نے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے موجودہ صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف سے فوری رابطہ کیا اور انھیں بتا دیا کہ اگر پاکستانی ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال کرنا ہے تو نیک نیتی پر مبنی فیصلے کرنے ہوں گے۔

میر ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ وزیراعظم نے انھیں قومی ہاکی کو تباہی سے نکالنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا جس پر انھوں نے وزیراعظم کو ایک منصوبہ پیش کیا تھا جس کے ذریعے قومی ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کیا جا سکتا تھاانھوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقاتوں میں یہ طے ہوا تھا کہ فیڈریشن کے صدر کی تقرری کر دی جائے جس کے بعد باقی عہدے ان کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے اور قومی ہاکی کی بہتری کے لیے لائحہ عمل وضع کیا جائیگا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

میر ظفر اللہ جمالی نے کہاکہ بین الصوبائی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری نے مبینہ طور پر اس تمام معاملے کو خراب کیا ہے جو ایک ماہ بعد وزارت سے ریٹائر ہو رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بن جائیں۔میر ظفر اللہ جمالی نے اس بات پر سخت حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مستعفی ہونے والے سیکریٹری رانا مجاہد کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں حالیہ برسوں کے درمیان مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور پیسے کا غلط استعمال ہوا ہے جس کا احتساب لازمی ہے۔