رتیک روشن پہلی بار کسی البم میں نظر آنے والے ہیں

جمعرات 3 ستمبر 2015 12:40

رتیک روشن پہلی بار کسی البم میں نظر آنے والے ہیں

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)بالی ووڈ کے معروف اداکار رتیک روشن پہلی بار کسی البم میں نظر آنے والے ہیں۔فلم ’عاشقی‘ کے گیت ’دھیرے دھیرے سے میری زندگی میں آنا‘ کو اب ہنی سنگھ کی آواز میں سنا جا سکتا ہے جبکہ اس نغمے کو رتیک روشن اور اداکارہ سونم کپور پر فلمایا گیا ہے۔”دھیرے دھیرے“ نام کے اس البم سے نہ صرف رتیک روشن ایک عرصے بعد اپنے مداحوں کے سامنے ہوں گے بلکہ طویل عرصے سے فلمی موسیقی سے غائب رہنے والے ہنی سنگھ بھی اپنے مداحوں کے روبرو ہوں گے۔

خیال رہے کہ رتیک روشن فلم ’بینگ بینگ‘ کے بعد پہلی بار نظر آئیں گے۔ البم کی ریلیز کے موقعے پر صحافیوں نے جب رتیک سے پوچھا کہ کیا وہ کسی کے ساتھ ڈیٹ کر رہے ہیں تو انھوں نے جواب دیا: ’میں سنگل ہوں اور خوش ہوں۔

(جاری ہے)

اداکارہ کنگنا راناوت کے ساتھ ان کی قربتوں کے بارے میں جب ان سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’او مائی گاڈ۔۔۔ اس کے بارے میں میں کیا کہہ سکتا ہوں؟خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے رتیک روشن کی ان کی اہلیہ سوزین سے طلاق ہو گئی تھی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس گیت کو کس کے نام معنون کرنا چاہیں گے تو انھوں نے کہاکہ ابھی میری زندگی میں کوئی نہیں ہے جس کے نام میں یہ گیت منسوب کروں۔ ہم سب اس گیت کو ان (بھوشن کمار) کے والد کے نام منسوب کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ٹی سیریز کے مالک گلشن کمار کے بیٹے دھیرج کمار نے اس البم کو اپنے والد کے نام کیا ہے۔اس البم میں رتیک کے ساتھ سونم کپور بھی ہیں اور احمد خان نے اس کی ہدایات دی ہیں۔سونم نے اس موقع پر رتیک کے بارے میں اپنے خیلات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ رتیک ایک بہترین فنکار ہیں اور میں ان کے ساتھ ایک فلم بھی کرنا چاہتی ہوں۔خیال رہے کہ یہ دونوں اداکار اس ویڈیو میں پہلی بار سکرین پر رومانس کرتے نظر آئیں گے۔