فارن ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان سے متعلق رپورٹ طلب

جمعرات 3 ستمبر 2015 13:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ، جمعرات کے روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے افغان باشندوں کو ضمانت منظوری کے باوجود رہا کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے ملک حبیب جبکہ وفاق کی جانب سے اسٹینڈنگ کونسل عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے استفسار کیا کہ افغان باشندوں کی رہائی یا ملک بدری سے متعلق حکومت کی کیا پالیسی ہے عدالت نے وزارت داخلہ کو افغان باشندوں کے حوالے سے حکومتی پالیسی سے آگاہ کرنے کا حکم دیا بعد ازاں عدالت نے فارن ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔