شفقت ہسپتال بنانے کامنصوبہ زمین کی نشاندہی نہ ہونے کے باعث تعطل کاشکارہے ‘اگرسیالکوٹ میں زمین کی نشاندہی دو سے تین دن میں نہ ہوسکی تو لاہورمیں خریدی گئی زمین پر ہسپتال کی تعمیر شروع کراوا دوں گی

معروف اداکارہ میرا کی لاہور میں پریس کانفرنس

جمعرات 3 ستمبر 2015 15:14

شفقت ہسپتال بنانے کامنصوبہ زمین کی نشاندہی نہ ہونے کے باعث تعطل کاشکارہے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) معروف اداکارہ میرانے کہاہے کہ شفقت ہسپتال بنانے کامنصوبہ زمین کی تاحال نشاندہی نہ ہونے کے باعث تعطل کاشکارہے ، اگرسیالکوٹ میں زمین کی نشاندہی دو سے تین دن میں نہ ہوسکی تو وہ لاہورمیں خریدی گئی زمین پر ہسپتال کی تعمیر شروع کرادیں گی۔

(جاری ہے)

بدھ کویہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارسل گھمن نے انہیں اپنی بیٹی بنایاہوا ہے اور شفقت ٹرسٹ ہسپتال بنانے کے لئے زمین مہیا کرنے کا بھی اعلان کررکھاہے اس حوالے سے کاغذات میں زمین کاانتقال بھی ہوچکا ہے لیکن ارسل گھمن نے تاحال زمین کی نشاندہی نہیں کرائی جس کے باعث ہسپتال کی تعمیر تاحال التواء کاشکارہے اوراس وجہ سے وہ اور ان کی ٹیم دباؤ کاشکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں میڈیا کے توسط سے ارسل گھمن سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ زمین کی نشاندہی دو سے تین دن میں کردیں تاکہ اس عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے پر جلد ازجلد کام شروع کیاجاسکے وگرنہ وہ اب تک جمع کئے گئے فنڈزکی مدد سے بیدیاں روڈ لاہور پرہسپتال کی تعمیر شروع کرادیں گی۔