چیف سلیکٹر ہارون رشید نے یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں واپسی کا ’’گرین سگنل‘‘ دیدیا

جمعرات 3 ستمبر 2015 16:07

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں واپسی کا ’’گرین ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3ستمبر ۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے تجربہ کاربلے باز یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں واپسی کا ’’گرین سگنل‘‘ دے دیا ہے ۔ شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون رشید کا کہنا تھا کہ یونس خان پر ابھی ون ڈے کرکٹ کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں اور تجربہ کار بلے باز کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم میں جگہ بنتی ہے ۔

ہارون رشید کا کہنا تھا سپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندی کاٹنے کے بعد واپس آنے والے سلمان بٹ اور محمد آصف کو پہلے ری ہیبلیٹیشن پروگرام سے گزرنا ہوگا اور پروگرام پورا کر نے کے بعد ہی ان کی قومی ٹیم میں واپسی کا دروازہ کھل سکے گا ۔ہارون رشید کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی جب بھی سلیکٹ ہوں تو قومی ٹیم کا حصہ بھی بنیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان پریمئر لیگ (پی ایس ایل ) کے بارے میں چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے لیے پی سی بی کو 80سے 90کھلاڑیوں کی فہرست دیں گے جب کہ یونس خان اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے بھی پی ایل ایل کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ آف سپنر سعید اجمل کی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں پرفارمنس کچھ زیادہ متاثر کن نہیں رہی ہے تاہم اب بھی ان پر ٹیم کے دروازے کھلے ہیں ، ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے 20سے 25 کھلاڑی درکار ہوں گے ۔چیف سلیکٹر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین رواں سال کے آخر میں شیڈول سیریز ہونی چاہیئے تاہم سیریز نہ ہونے سے قومی ٹیم کوکوئی خاص فرق نہیں پڑے گا ۔