پٹرول کی اصل قیمت 40روپے1پیسہ ، ڈیزل کی قیمت 39روپے فی لیٹر ہونی چاہیے،حکومت نے ڈیزل پر 45روپے فی لیٹر ٹیکس عائد کر دیا ہے، حکومت پٹرول مصنوعات کی مد میں روزانہ اڑھائی ارب روپے وصول کر رہی ہے، چوہدری نثار اپوزیشن کے زمانے میں لیوی کو جگا ٹیکس کہتے تھے اب حکومت نے جگا ٹیکس پر بھتہ لگا دیا ہے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 ستمبر 2015 16:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ پٹرول کی اصل قیمت 40روپے1پیسہ جبکہ ڈیزل کی قیمت 39روپے فی لیٹر ہونی چاہیے،حکومت نے ڈیزل پر 45روپے فی لیٹر ٹیکس عائد کر دیا ہے، حکومت پٹرول مصنوعات کی مد میں روزانہ اڑھائی ارب روپے وصول کر رہی ہے، چوہدری نثار اپوزیشن کے زمانے میں لیوی کو جگا ٹیکس کہتے تھے لیکن اب حکومت نے جگا ٹیکس پر بھتہ لگا دیا ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے پٹرول کی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو جانا چاہیے،پٹرو ل کی اصل قیمت 40روپے ایک پیسہ ہونی چاہیے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 39روپے فی لیٹر بنتی ہے،حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل پر 45روپے ٹیکس عائد کردیاہے ،حکومت کو ڈیزل پر ٹیکسوں کی مد میں روزانہ ایک ارب 15روپے ملتے ہیں جبکہ پٹرول پر ٹیکسوں کی مد میں حکومت کو 58کروڑ روپے ملتے ہیں، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی مد میں روزانہ اڑھائی ارب روپے وصول کر رہی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کے ذریعے سالانہ 9سو ارب روپے لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اپوزیشن کے دور میں لیوی کو جگہ ٹیکس کہتے تھے لیکن اب حکومت نے جگا ٹیکس پر بھتہ لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس ضرور لے لیکن اس حد تک کہ غریب پس نہ جائے، ملک کو سیکیورٹی ریاست نہیں بلکہ فلاحی ریاست بنانا ہے، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کپاس، آلو اور چاول وہ خود خریدے