وزیرِداخلہ چوہدری لندن کے کامیاب دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، (کل ) وزیراعظم سے ملاقات کرینگے

ملاقات کے دوران وزیراعظم کو اپنے دورہ کے حوالے سے بریفنگ دینگے ، ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری اور اس حوالے سے رینجرز کی رپورٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیاجائیگا وزیرِ داخلہ نے اپنے دورہ کے دوران جراتمندانہ اور واشگاف الفاظ میں پاکستان کا موقف پیش ، بھارتی اشتعال انگیزیوں اور سازشوں کو بے نقاب کیا‘ دورے میں ڈاکٹر عمران فاروق کیس پر اہم پیش رفت ہوئی‘ کراچی میں بھارتی مداخلت کے امور بھی زیر بحث آئے، ذرائع

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:55

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان لندن کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئے ، چوہدری نثار (کل ) وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنے دورہ لندن کے حوالے سے بریفنگ دینگے پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور اس حوالے سے رینجرز کی رپورٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیاجائیگا۔

وزیر داخلہ نے لندن کے بعد اٹلی کے دورے پر جانا تھا تاہم اپنی دیگر سرکاری مصروفیات اور ملکی حالات کے پیش نظر وزیرِداخلہ نے اٹلی کا دورہ منسوخ کر دیا تھا ۔ لندن میں وزیرِداخلہ کی مصروفیات میں اپنی برطانوی ہم منصب تھریسامے ، برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کم دار وچ اور برطانوی وزیرِخارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کے علاوہ پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں سے بھی اہم ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ان ملاقاتوں میں پاک برطانیہ تعلقات ،سیکورٹی کے شعبے میں جاری دو طرفہ تعاون ، دہشت گردی کے خلاف جنگ، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات و کردار اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئیـمعاملات سے باخبر ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاک برطانیہ تعلقات و تعاون خصوصاً سیکیورٹی کے شعبے میں انہانسڈ سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے پیش نظر تما م شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا گیا ۔

برطانوی حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ وزیرِداخلہ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا بھی دورہ کیا جس کا مقصد دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کے علاوہ ہائی کمیشن میں قائم شناختی کارڈ اور پاسپورٹ آفسز اوران دفاتر سے متعلقہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ وزیرِ داخلہ نے اپنے دورہ کے دوران جراتمندانہ اور واشگاف الفاظ میں پاکستان کا موقف پیش ، بھارتی اشتعال انگیزیوں اور سازشوں کو بے نقاب کیا‘کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی اصولی موقف کا اعادہ کرکے سیاسی مخالفین اور خواہ مخواہ کی الزام تراشیاں کرنے والے عناصر کی کوششوں کو بھی ملیا میٹ کر دیا دورے میں ڈاکٹر عمران فاروق کیس پر اہم پیش رفت ہوئی‘ کراچی میں بھارتی مداخلت کے امور بھی زیر بحث آئے۔