عمران فاروق کو کاشف نے میرے سامنے قتل کیا، محسن علی

معظم نے لندن بھیجنے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا،برطانیہ نے ملزمان کی حوالگی کے لئے پاکستان کو باقاعدہ درخواست دے دی

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزم محسن علی نے انکشاف کیا ہے کہ عمران فاروق کو کاشف نے میرے سامنے قتل کیا،معظم نے لندن بھیجنے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا،برطانیہ نے ملزمان کی حوالگی کے لئے پاکستان کو باقاعدہ درخواست دے دی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے دو دن عمران فاروق قتل کیس کے ملزم محسن علی سے تفتیش کی اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہوگئی ہے،اس تفتیش کے دوران محسن علی نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو ملزم کاشف نے اس کے سامنے قتل کیا،جب عمران فاروق کو قتل کیا گیا تو انہوں نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں میں اور کاشف معمولی زخمی بھی ہوئے،محسن علی نے مزید بتایا کہ انہیں اور کاشف کو لندن بھیجنے کیلئے معظم نے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا،معظم سے کراچی کے ایک ہوٹل میں ملاقاتیں ہوئی تھیں،جب لندن سے ہم واپس آئے تو بھی معظم کراچی ائیرپورٹ پر ہمارا منتظر تھا،محسن علی کے انکشافات اور قتل کے اعتراف کے بعد برطانیہ نے پاکستانی حکام کو ملزمان کی حوالگی کیلئے باقاعدہ درخواست دے دی ہے،تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے