کرنسی اسمگلنگ کیس ، مکمل چالان پیش نہ کیے جانے پر ماڈل ایان علی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی

جمعہ 4 ستمبر 2015 11:23

کرنسی اسمگلنگ کیس ، مکمل چالان پیش نہ کیے جانے پر ماڈل ایان علی پرفردجرم ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) کرنسی اسمگلنگ کیس میں مکمل چالان پیش نہ کیے جانے کے باعث ماڈل ایان علی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی،عدالت نے کسٹمز حکام کی سرزنش کرتے ہوئے مکمل چالان پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ماڈل ایان علی ضمانت پر رہائی کے بعد تیسری بار گارڈز کے حصار میں راولپنڈی کچہری پہنچیں۔ کسٹم عدالت راولپنڈی کے جج رانا آفتاب نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کسٹم حکام کو آئندہ پیشی پر کیس کا مکمل چالا ن پیش کرنے کی ہدایت کی ۔عدالت نے کیس کے دو گواہان اویس اور ممتاز کے بیانات مکمل کرنے اور دونوں گواہان کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج درخواست کے قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ماڈل گرل اپنے روایتی ہْڈ اور پی کیپ پہنے عدالت میں پیش ہوئیں۔ملزمہ کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ کسٹم حکام نے ان کی موکلہ سے جائیداد خریدنے والے شخص اور پراپرٹی ڈیلر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ابھی تک اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ پراپرٹی ڈیلر اور جائیداد خریدنے والا اس کیس میں ملزم ہیں یا گواہ ؟ اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں درخواست زیرسماعت ہے۔

عدالتی فیصلہ آنے تک فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔ایان کے خلاف منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے ملزمہ کے وکلا نے اپنے جواب میں ایان کو شاعرہ ، ادیب ، بین الاقوامی ماڈل اور کلچر کی سفیر قرار دیا جو گمراہ کن ہے۔ پانچ لاکھ آٹھ ہزار ڈالر بیرون ملک ترسیل منی لانڈرنگ ہے۔ ملزمہ ایان کے خلاف منی لانڈرنگ کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ملزمہ کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی اجازت دی جائے۔ کسٹم جج رانا آفتاب نے معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث ایان علی پر فرد جرم کی کارروائی اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کا معاملہ پندرہ ستمبر تک موخر کر دیا۔

متعلقہ عنوان :