Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمران خان کے وکیل کو ماتحت عدلیہ میں ہونے والی جرمانے کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر بابر اعوان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت

جمعہ 4 ستمبر 2015 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل کو ماتحت عدلیہ میں ہونے والی جرمانے کی سزا کے خلاف دائر عمران خان کی درخواست پر ڈاکٹر بابر اعوان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردی ۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل احسن الدین شیخ ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے جواب عدالت میں داخل نہ کرانے پر عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو جرمانے کی سزا کا حکم سنایا تھا تاہم عمران خان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے نہ ڈاکٹر بابر اعوان نے لہذا مذکورہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے جس پر عدالت نے ڈاکٹر بابر اعوان کو ایک ہفتہ میں جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگانے پر اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں ہتک عزت بطور ہرجانہ کا دعویٰ دائر کیا تھا جس میں جواب داخل نہ کرانے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو جرمانے کی سزا کا حکم دیا تھا ماتحت عدلیہ کے فیصلے کو عمران خان نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات