زمین پر 30 کھرب درخت موجود ہیں ‘ ییل یونیورسٹی کا تخمینہ

جمعہ 4 ستمبر 2015 16:38

زمین پر 30 کھرب درخت موجود ہیں ‘ ییل یونیورسٹی کا تخمینہ

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء)نئے تخمینے کے مطابق زمین پر 30 کھرب درخت موجود ہیں یہ اعداد وشمار اس سے پہلے لگائے گئے بہترین تخمینے سے آٹھ گنا زیادہ ہیں جس میں شاید درختوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ 400 ارب بتائی گئی تھی یہ تخمینہ ییل یونیورسٹی کے ٹامس کراوٴتھر اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے لگایاگیا جنھوں نے سیٹلائٹ تصاویر کے ساتھ ایک بڑے پیمانے پر کیے جانے والے زمینی سروے کو ملا کر یہ نتائج نکالے۔

ٹیم نے دا نیچر جریدے کو بتایا کہ نئے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کر ہ ارض میں ہر شخص 420 سے زیادہ درختوں کی نمائندگی کرتا ہے۔درختوں کی زیادہ بہتر تعداد سے تحقیقی کاموں کے سلسلے میں وسیع بنیاد مل گئی ہے۔مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ پودوں کی افزائش اور حیاتیاتی نظام میں تنوع اور آب و ہوا کیلئے تو درخت فائدہ مند ہیں ہی تاہم یہ گرین ہاوٴس گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ماحول سے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کراوٴتھر نے خبردار کیا کہ درختوں کی اتنی بڑی تعداد کا یہ مطلب نہیں کہ اس سے کوئی تبدیلی آ جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے کثیر تعداد میں نئے درخت دریافت کر لیے ہوں ‘ایسا بھی نہیں کہ ہم بہت زیادہ نیا کاربن دریافت کر لیا ہو۔ اس لیے نہ یہ دنیا کے لیے کوئی اچھی خبر ہے اور نہ ہی بْری کہ ہم نے یہ نئی تعداد حاصل کر لی۔

ہم سادہ انداز میں صرف دنیا بھر کے جنگلات کی تعداد بتا رہے ہیں تاکہ لوگوں کی سمجھ میں آ سکے اور سائنس دان اس کو اپنی تحقیق میں استعمال کر سکیں اور ماحولیات کے پیشے سے منسلک افراد یا پالیسی بنانے والے اسے سمجھ سکیں اور اس کا استعمال کر سکیں۔ٹیم نے درختوں کی گنجانی جاننے کرنے کے لیے دنیا بھر میں موجود چار لاکھ جنگلاتی مقامات سے معلومات اکٹھی کی ہیں۔ٹیم کے مطابق شمالی جنگلات میں سب سے زیادہ گھنے درخت دیکھے گئے۔