یوم دفاع پاکستان کے حوالہ سے ریڈیو پا کستان کی خصوصی نشریات کا اہتمام

دفاع پاکستان کی پچاسویں سالگرہ پر ریڈیو کے تمام نیٹ ورکس پر پورا مہینہ خصوصی پروگرام جاری رہیں گے ، 6 ستمبر کو خصوصی میراتھن ٹرانسمیشن نشر کی جائے گی

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:05

اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) یوم دفاع پاکستان 2015ء کے حوالہ سے ریڈیو پا کستان نے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے جس کے تحت دفاع پاکستان کی پچاسویں سالگرہ پر ریڈیو کے تمام نیٹ ورکس پر پورا مہینہ یہ خصوصی پروگرام جاری رہیں گے اور 6 ستمبر 2015ء کے دن صبح سات بجے سے رات گئے تک خصوصی میراتھن ٹرانسمیشن نشر کی جائے گی جس کا آغاز پی بی سی کراچی اور اختتام پی بی سی اسلام آباد کرے گا۔

میرا تھن ٹرانسمیشن میں ستمبر 1965ء کی عکاسی کرتے ہوئے جنگی اور عسکری نغمے، فیچرز، دستاویزی پروگرام، انٹرویوز، مشاعرے، ڈرامے اور میوزیکل شوز شامل کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی بی سی لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد نے دوران میراتھن ٹرانسمیشن دفاع تجزیہ کاروں کو بھی مدعو کیا ہے جن میں بریگیڈیئر (ر) اے آر صدیقی، کرنل (ر) مختار بٹ، ریئر ایڈمرل (ر) اسرار حسین، کرنل (ر) ریاض محی الدین، لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود، بی اے ملک (سابق سفیر)، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان (این ڈی یو)، میجر جنرل (ر) جمشید ایاز، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان (این ڈی یو)، بریگیڈیئر (ر) سعد محمد، پروفیسر غلام مصطفی، محترمہ راحیلہ درانی (ایم پی اے)، عرفان احمد بیگ (کالم نگار، شاعر و ادیب)، سلیم شاہد (بیورو چیف روزنامہ ڈان)، روشن خورشید بروچہ (سابق سینیٹر)، ایئر مارشل (ر) انور محمود، ایئر مارشل (ر) ظفر چوہدری اور بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

امسال یوم دفاع پاکستان کے پچاس سال مکمل ہو رہے ہیں ریڈیو پاکستان نے یکم تا 23 ستمبر 2015ء خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ خصوصی فیچرز کا سلسلہ ”معرکہ ستمبر سے ضرب عضب تک“ ترتیب دیا گیا ہے جس میں 6 ستمبر 1965ء سے لیکر آج تک شجاعت و بہادری اور کامیابی و سرفرازی سے بھری داستانوں کا تذکرہ ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی فتوحات کا خصوصی احاطہ بھی کیا جائے گا۔

خصوصی دستاویزی پروگرام صلہ شہید میں دفاع وطن میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ان بہادر سپوتوں کی داستان شجاعت کو پیش کیا جائے گا جنہیں شجاعت کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا ہے۔ دفاع وطن میں ریڈیو پاکستان کا کردار تاریخ کا زریں باب ہے اور ہمیشہ اپنی لاجواب اور بے مثال نغموں کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ یوم دفاع کے حوالے سے پی بی سی، کراچی، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، ملتان، اسلام آباد، لاہور، بہاولپور، کوہاٹ، گلگت، لاڑکانہ، میانوالی، راولپنڈی۔

1 اور مظفر آباد میں خصوصی میوزیکل شو منعقد کئے جائیں گے جن میں معرکہ ستمبر کے شہداء غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور 65ء کے یادگار جنگی نغموں کی یاد تازہ کی جائے گی جس سے دفاع وطن کا جذبہ قوم میں مزید اجاگر ہو گا۔ ریڈیو پاکستان اہلیان وطن کو مختلف فوجی اعزازات کا مکمل تعارف اپنے خصوصی دستاویزی پروگرام ”جراتوں کا نشان“ میں پیش کرے گا جس میں اعزازات کی تفصیل حاصل کرنے کی اہلیت، اعزاز کی ہیئت و ماہیت اور جملہ دیگر معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ریڈیو پاکستان اپنے موثر اور مقبول ترین پروگرام فارمیٹ ”ڈرامہ“ کے ذریعے دفاع وطن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے دلیر سپوتوں کی قربانیوں پر مبنی سچی کہانیوں کی ڈرامائی تشکیل ”شجاعت کی داستان“ کے عنوان کے تحت پیش کرے گا اور پی بی سی لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد اور ملتان کے خصوصی ڈرامے ماہ ستمبر میں بروز اتوار و سوموار رات 9 بجکر 10 منٹ قومی نشریاتی رابطے پر نشر کرے گا۔

اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے ”آواز خزانہ“ میں دفاع وطن کے موضوع پر بننے والے یادگار ڈراموں کو بھی نشر مکرر کے طور پر بروز ہفتہ قومی نشریاتی رابطے پر نشر کیا جائے گا۔ مزید برآں دفاع وطن کیلئے اہل قلم ہر مرحلے پر پیش پیش رہے اور اپنی نادر اور مایہ ناز ادبی تخلیقات کے ذریعے عسا کر پاکستان اور قوم کے حوصلے بلند کرتے رہے، اہل قلم کی یہ کاوشیں آج بھی اسی شدومد کے ساتھ جاری ہیں۔

ان نگارشات سے مزین خصوصی مشاعرے بی بی سی لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی۔1، بہاولپور، ملتان اور اسلام آباد سے قومی نشریاتی رابطے پر پیش کئے جائیں گے۔ معرکہ ستمبر اور آپریشن ضرب عضب کے غازیوں اور شہداء کی خواتین لواحقین کے انٹرویوز کا سلسلہ ”بھولے نہیں ہیں ہم“ خواتین کے پروگرام ”سکھی گھر“ کے دوران نشر کیا جائے گا۔

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کا آنکھوں دیکھا حال بھی ریڈیو پاکستان سے قومی نشریاتی رابطے پر 6 ستمبر 2015ء بروز اتوار پیش کرے گا جہاں قومی جذبہ اور ولولہ دیدنی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ 6 ستمبر کو صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کے پیغامات نشر کرنے کے احکامات بھی ملک بھر کے سٹیشنوں کو جاری کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں ان خصوصی پروگرام کے دوران یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی سلوگنز/پروموز، جنگ ستمبر کے خصوصی نغمے/پاک آرمی، فضائیہ اور نیوی کے نغمے، غازیوں/عینی شاہدین کے انٹرویوز/تاثرات، سماجی، ثقافتی اور ادبی تنظیموں کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے شہداء کے مزاروں/یادگاروں پر فاتحہ خوانی/دعائیہ تقریبات کے بارے میں خصوصی ریڈیو رپورٹس، یوم دفاع اور استحکام پاکستان کے تقاضے کے موضوع پر عسا کر پاکستان سے تعلق رکھنے والے دفاع، تجزیہ کاروں سے خصوصی گفتگو بھی نشر کی جائے گی۔

ان تمام پروگراموں کے علاوہ 6 ستمبر 2015ء یوم دفاع کے دن ریڈیو پاکستان اپنے تمام نیٹ ورکس پر صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک خصوصی میراتھن ٹرانسمیشن ”جاں نثاروں کو سلام“ براہ راست نشر کرے گا۔ انٹرویوز کے سلسلہ ”عزم آہن“ کے تحت شہدائے 1965ء، 1971ء اور پشاور سانحہ کے متاثرین کے انٹرویوز کئے گئے ہیں جن میں ایئر مارشل ایاز احمد خان، کرنل محمد نعیم، مسز اشفاق حمید قریشی، کرنل مہر محمد خان، مسز عفت، مسز کرنل جنرل مسعود، مسز جنرل ہلال عمر خان، گل باز خان (سپاہی( کے انٹرویو شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :