الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کو ترقیاتی سکیموں اور سرکاری فنڈ کے اعلان سے روک دیا

خلاف ورزی کے مرتکب حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ٗترجمان الیکشن کمیشن کا بیان

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کو ترقیاتی سکیموں اور سرکاری فنڈ کے اعلان سے روکتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی بھی ترقیاتی سکیم اور سرکاری فنڈ کا اعلان نہیں کیا جائیگا۔

ترجمان نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے حکام سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں ایگزیکٹو حکام لوکل باڈیز الیکشن میں مخصوص امیدوار کی حمایت میں نہ تو ترقیاتی سکیموں کا اعلان اور نہ ہی سرکاری وسائل کا استعمال کر سکتے ہیں۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر انتخابی نتائج کے آنے تک کسی بھی سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلے نہیں ہو سکیں گے۔ خلاف ورزی کے مرتکب حکام کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔