بھارت پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا ٗ خالد محمود

بھارت میں شدت پسند عناصر اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں ٗانٹرویو پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت سے کھیلنے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہیے ٗ سابق چیئر مین پی سی بی

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا حالانکہ پاکستان نے اسے بگ تھری کا ووٹ اپنے ساتھ کھیلنے کی یقین دہانی کی بنیاد پر ہی دیا تھا۔خالد محمود نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کررہا ہے تو انھیں اس بات پر قطعاً حیرت نہیں ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان جب بھی تعلقات کشیدہ ہوئے بھارت نے کرکٹ کو ہی سب سے پہلے زد پہنچائی۔

خالد محمود نے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 1999ء میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دور ہ بھارت روکنے کے لیے بی سی سی آئی کے صدر دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔انھوں نے کہا کہ سیریز رکوانے کے لیے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کی وکٹ اکھاڑ دی گئی اْس وقت کے آئی سی سی کے صدر جگ موہن ڈالمیا کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے سابق چئیرمین نے کہا کہ بھارت میں شدت پسند عناصر اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں اور اب تو بھارت میں اس جماعت کی حکومت ہے جس کی انتخابی مہم میں پاکستان مخالفت نکتہ پیش پیش تھا۔

خالد محمود نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ باقاعدگی سے کھیلنے کی یقین دہانی کراوئی تھی اور اسی کے بدلے پاکستان نے اپنا ووٹ بھی بگ تھری کے معاملے میں اسے دیا تھا کم ا زکم پاکستان کرکٹ بورڈ کے اسوقت کے صدر نجم سیٹھی نے ہمیں یہی بات بتائی تھی۔خالد محمود نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت سے کھیلنے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہیے لیکن اس معاملے میں اسے باوقارانداز اپنانا چاہییانھوں نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار نہیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس کے پیچھے بھاگنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ جان کر سخت حیرت ہوئی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے اپنے ہم منصب جگ موہن ڈالمیا کے بجائے بی سی سی آئی کے سیکریٹری کو خط لکھا ہے۔