اسلام آباد ،المصطفیٰ ٹاورز کے مکینوں کا بلڈنگ کی خراب لفٹوں وخراب صورتحال پر وزیر داخلہ ا ور سی ڈی اے سے بلڈرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، نوٹس نہ لئے جانے پر سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس کے بعد دھرنادینے کی دھمکی

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ٹین میں واقع المصطفیٰ ٹاورز کے مکینوں اورقومی اسمبلی کے سابق رکن میاں اسلم نے المصطفی ٹاور کی بلڈنگ کی خراب لفٹوں اور ناخستہ حال فلیٹس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام سے انتظامیہ اور بلڈرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس معاملے پر نوٹس نہ لیا گیا تو سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس کے بعد دھرنا دیں گے۔

جمعہ کو اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے المصطفیٰ ٹاورز کے مکینوں نے موقف اختیار کیا کہ ہماری بلڈنگ کے بیسمنٹ کے پلرز سیم زدہ ہیں اور پوری بلڈنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، بلڈنگ میں جگہ جگہ کچرا جمع ہونے سے گندگی کے ڈھیر بن چکے ہیں جن سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، سیکیورٹی کے انتظامات بھی انتہائی ناقص ہیں جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، المصطفیٰ ٹاور رہائشی بلڈنگ سے لیکن یہاں پر بھی قبضہ مافیا کے بلڈرز نے اپنے غیر قانونی کمرشل آفسز بنائے ہوئے ہیں، بلڈنگ کی خراب صورتحال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

مکینوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سی ڈی اے سے معاملے کا نوٹس لے کر نا اہل انتظامیہ اور بلڈرز کی مجرمانہ غفلت پر ان کے خلاف کارروائی کرنے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ المصطفیٰ ٹاورکے رہائشیوں کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے ،مکینوں نے واضح کیا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پارلیمنٹ ہاؤس اور سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے دیئے جائیں گے اور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء میاں اسلم بھی موجود تھے