خواتین کا حجاب ہی ان کا پردہ ہے،اسلام میں عورت کی عزت ہے، مغرب میں عورتیں آزاد نہیں بلکہ بے سہارا ہو گئی ہیں اور وہ ناجائز بچوں کی مائیں بن رہی ہیں،نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم کا حجاب ڈے کی ریلی سے خطاب

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ آج میری مائیں اور بہنیں اپنے گھروں سے صرف اس لئے نکلی ہیں کہ ان کو مغربی دنیا کے لباس، ماحول اور خاص طور پر مسلمان خواتین کو مغربی زنجیروں سے آزاد کروایا جا سکے ، خواتین کا حجاب ہی ان کا پردہ ہے،اسلام میں عورت کی عزت ہے۔ وہ جمعہ کو اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے باہر حجاب ڈے کی ریلی کے دوران شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق، ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید اور سابق رکن قومی اسمبلی بلقیس سیف بھی موجود تھے۔ میاں اسلم نے کہا کہ اسلام میں عورت کو عزت کا مقام حاصل ہے، اسلام ہمیں عورتوں کی عزت اور حیاء کا طریقہ سیکھاتا ہے، جماعت اسلامی نے وویمن ورکنگ کے نام سے ادارہ بنایا ہے جہاں عورتوں کے حقوق اور ان کے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، مغرب میں عورتیں آزاد نہیں بلکہ بے سہارا ہو گئی ہیں اور وہ ناجائز بچوں کی مائیں بن رہی ہیں، وہاں شادیاں تین سال سے زیادہ نہیں چلتیں، ہم اپنی روایات اور معاشرے کی حفاظت کریں گے، پاکستان ایک پاکیزہ ملک ہے ہم اسے اور بھی پاکیزہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج میری مائیں اور بہنیں اپنے گھروں سے صرف اس لئے نکلی ہیں کہ ان کو مغربی دنیا کے لباس، ماحول اور خاص طور پر مسلمان خواتین کو مغربی زنجیروں سے آزاد کروایا جا سکے ، خواتین کا حجاب ہی ان کا پردہ ہے،اسلام میں عورت کی عزت ہے۔

متعلقہ عنوان :