علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے آخری تاریخ میں 21 ستمبر تک توسیع

ہفتہ 5 ستمبر 2015 12:47

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2015ء میں داخلوں کیلئے پیش کئے گئے تمام پروگرامز میں داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 21 ستمبر تک توسیع کر دی ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دی جس کے بعد میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کے خواہشمند امیدوار بغیر لیٹ فیس چارجز کے 21 ستمبر تک داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔

شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سید ضیاء الحسنین نے کہا کہ سمسٹر خزاں 2015ء میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے سیل پوائنٹس اور ملک بھر میں موجود علاقائی کیمپس /رابطہ دفاتر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے مزید کہا کہ طلبہ کی سہولت کے لئے داخلہ فارمز یونیورسٹی کی ویب سائٹ پربھی فراہم کردئیے گئے ہیں۔

داخلہ فارم مع مقررہ فیس ملک بھر میں فرسٹ ویمن بینک بینک الفلاح اور الائیڈ بینک مسلم کمرشل بینک کی تمام پرانچوں اور نیشنل بینک آف پاکستان کی نامزد کردہ برانچوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ نامزد برانچوں کی تفصیلات پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور یونیورسٹی کے ملک کے طول و عرض میں موجود علاقائی دفاترسے دستیاب ہیں۔داخلوں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے طلبہ انفارمیشن مینجمنٹ یونٹ کے نمبر 051`-9057151 ٹیچرز ٹریننگ پروگرام 051-9057421 سیکنڈری پروگرامز 051-9057431 ہائر سیکنڈری و دیگر پروگرامز 051-9057432 بیچلرز پروگرام 051-9057435اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے بارے میں معلومات کے لئے 051-9057422پر رابطہ کرسکتے ہیں۔