ننھے ایلان کے جنازے کی تصاویر۔۔۔۔ایک روز میں‌عطیات کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 ستمبر 2015 15:24

ننھے ایلان کے جنازے کی تصاویر۔۔۔۔ایک روز میں‌عطیات کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 05 ستمبر 2015 ء): یورپ میں مہاجرین کی امداد کے لیے فعال اداروں نے کہا ہے کہ نو عمر شامی مہاجر بچے ایلان کُردی کی لاش کی دل سوز تصاویر نے کسی بحران یا الیمے سے دوچار افراد کے لیے یورپ میں ایک روز کے اندر اکھٹا ہونے والے عطیات کا تمام ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ غیر معمولی دباؤ کے شکار برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانیہ 100 ملین پاؤنڈ کی اضافی رقم بحران زدہ عرب ملک شام کے متاثرین کے لیے ادا کرے گا۔

اس طرح شامی مہاجرین کی امداد کے لیے لندن کی طرف سے عطیات کی کُل رقم 1 بلین پاؤنڈ ہو جائے گی۔ اُدھر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر دو ملین یورو کے فنڈ کا اعلان کیا ہے اور یہ رقم شام اور عراق کے جنگ کے شکار مہاجرین کی امداد کا کام کرنے والے اداروں کو دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی کے صدر تھوما باخ نے ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ کے موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا، ’’گذشتہ چند روز کے دوران دل دہلا دینے والی خبروں اور جذبات کو جھنجھوڑ دینے والے خاکوں کے منظر عام پر آنے کے بعد سے ہم سب شدید صدمے کا شکار ہوئے ہیں۔

‘‘

بحیرہ روم پر واقع ملک مالٹا میں قائم ’Migrant Offshore Aid Station‘ کے ترجمان کرسٹیان پیریگرین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اس بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا، ’’تین سالہ ایلان کُردی کی لاش کی تصویر نے یورپ بھر میں سیاسی لیڈروں سے لے کر عوام کے جذبات کو اس طرح جھجھوڑ کر رکھ دیا ہے کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔ یورپی حکومتیں مہاجرین کے مسائل سے نمٹنے کے لیے آپس کے اختلافات کے باوجود شامی مہاجرین کی امداد کے لیے ممکنہ اقدامات پر مجبور ہو گئی ہیں‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’یورپی عوام کا ایلان کی تصویر پر رد عمل بہت متاثر کن ہے۔ تارکین وطن کے معاملے میں پائی جانے والی بے حسی بہت تیزی سے ختم ہوئی ہے۔‘‘