دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بخوبی آگاہ ہیں ، ملکی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان پُرامن ، ذمّہ دار ایٹمی قوت اور تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہاں ہے

وزیر اعظم نواز شریف کا 50ویں یوم دفاع کے موقع پر پیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے ، ہم تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، تا ہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں ، واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ، یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنی مسلح افواج ، قومی ہیروز اور شہداء کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، بری ، بحری اور فضائی سرحدوں کی نگرانی کے علاوہ اندرونی مسائل خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے ، ضربِ عضب آپریشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی و عسکری قیادت کی مثالی یک جہتی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔

(جاری ہے)

یوم دفاع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اپنے پیغا م میں کہاکہ یوم ِ دفاعِ پاکستان قوم کے لازوال عزم ، جرأت و بہادری اور بے مثال جذبے کی یاد دلاتا ہے ۔ آج ہم اُن یادگار لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج اور قوم نے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا تھا ۔ آج کے دن قوم اپنے اُن شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے دوران جرأت و بہادری کی بہت سی داستانیں رقم کیں اور اپنے فرض کی تکمیل کے دوران اپنی جان تک کی پرواہ نہ کی ۔

فرض سے لگن اور قومی خدمات کا یہ جذبہ آج بھی ہماری مسلح افواج میں موجزن ہے ۔ ہمارے بہادر افسر اور جوان اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اندرونی و بیرونی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر رہے ہیں ۔بری ، بحری اور فضائی سرحدوں کی نگرانی کے علاوہ اندرونی مسائل خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے ۔

ضربِ عضب آپریشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا ، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔ قومی اتحادویگانگت کی اس مثال نے پاکستان کے تمام دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ ملکی سلامتی اور بقا کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ قوم یکجان ہے ۔

پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔ اس موقع پر میں اُن لوگوں کی قربانیوں اور جذبۂ ایثار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اِس جنگ میں اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، زخمی ہوئے، اپنے گھر بار چھوڑے اور مالی اور معاشی نقصانات برداشت کیے۔

میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اُن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ حکومت اور افواج عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھا رہی ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے ۔ ہم تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، تا ہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں ۔

میں آج واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ میں یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنی مسلح افواج ، قومی ہیروز اور شہداء کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ہم اپنی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدت کے لیے کوشاں رہیں گے ، کیوں کہ ہم اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ پیشہ وارانہ تیاریوں ، عزم اور ہمت سے ہی چمن میں آزادی کے پھول مہک رہے ہیں ۔افواجِ پاکستان زندہ باد۔پاکستان پائندہ باد۔