روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی ‘پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ایم کیوایم سے کئے وعدوں کی پاسداری کی ‘وفاقی ہو یا سندھ حکومت سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی‘ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی سے وعدہ خلافی کی دھوکہ دیا ‘ایم کیوایم سے مذاکرات میں ہمیشہ دو شرائط رکھیں‘سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی ،کراچی کو پرامن بنانے کیلئے تعاون مانگا‘پیپلزپارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیگی‘الطاف حسین کی منفی سیاست ایم کیوایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کاایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر پر ردعمل

ہفتہ 5 ستمبر 2015 21:58

اسلام آباد/لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی ‘پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ایم کیوایم سے کئے وعدوں کی پاسداری کی ‘وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی‘ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی سے وعدہ خلافی کی دھوکہ دیا ‘ایم کیوایم سے مذاکرات میں ہمیشہ دو شرائط رکھیں‘سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی اور ‘کراچی کو پرامن شہر بنانے کیلئے تعاون کیا جائے‘پیپلزپارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیگی‘الطاف حسین کی منفی سیاست ایم کیوایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی انہیں زیب نہیں دیتی ۔

(جاری ہے)

سابق صدر کے ترجمان سینٹر فرحت اﷲ بابر کی طرف سے جاری بیان میں کے مطابق سابق صدر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ایم کیوایم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی ہے، وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت ہم نے سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی۔

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ہے، ہم نے ایم کیوایم کے ساتھ مذاکرات میں ہمیشہ دو شرائط رکھی ہیں ایک یہ کی سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی اور دوسری یہ کہ کراچی کو پرامن شہر بنانے کیلئے تعاون کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف آج بھی بڑا واضح ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیگی۔سابق صدر مملکت نے کہا کہ الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیوایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی۔ایم کیوایم قومی دھارے میں شامل ہوکرپاکستان اور سندھ کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرے۔ آصف علی زرداری نے الطاف حسین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئے روز غیر ضروری گفتگو اور تقاریر سے پرہیز کریں۔