معروف افسانہ نگار، نثر نگار ومصنف اشفاق احمد کی 11ویں برسی کل منائی جائیگی

اتوار 6 ستمبر 2015 12:05

معروف افسانہ نگار، نثر نگار ومصنف اشفاق احمد کی 11ویں برسی کل منائی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) معروف افسانہ نگار، نثر نگار ومصنف اشفاق احمد کی 11ویں برسی کل ( پیر ) کو منائی جائے گی ۔اشفاق احمد 22 اگست 1925 کو بھارت کے شہر غازی آباد کے مضافاتی گاؤں گڑھ مکتیشور میں پیدا ہوئے جبکہ تقسیم ہند سے کچھ عرصہ قبل ان کا خاندان ہجرت کر کے لاہور آ گیا۔ لاہور سے ایم اے اردو کرنے کے علاوہ اٹلی ، فرانس اور نیو یار ک کی یونیورسٹیوں میں بھی اعلی تعلیم حاصل کی۔

مشہور افسانے ’’ گڈریا ‘‘سے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔انہوں نے 1965 میں ریڈیو پاکستان لاہور سے ایک فیچر پروگرام ’’تلقین شاہ ‘‘ کے نام سے شروع کیا جو تقریباً تین دہائیوں سے زائد عوام میں بے حد مقبول رہا۔ اشفاق احمد نے 20سے زائد کتب تصانیف کیں جبکہ ریڈیو اور ٹی وی کے لئے کئی یاد گار ڈرامے بھی تحریر کئے۔

(جاری ہے)

ان کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریز ’’ایک محبت سو افسانے ‘‘اپنی نوعیت کی ایک واحد ڈرامہ سیریز تھی جو شائد اب کبھی نہ بن پائے ۔

ان کی دیگر مقبول ترین ڈرامہ سیریز میں ’’بند گلی اور حیرت کدہ ‘‘شامل ہیں ۔ان کی باتیں ،ان کے اقوال اور ان کی کتابوں کے حوالے آج بھی سوشل میڈیا میں گردش کرتے ہیں ۔اردو ادب کے علاوہ پنجابی ادب میں بھی ان کی بہت سی خدمات ہیں ۔ان کا ڈرامہ ’’ٹالی دے تھلے ‘‘ آج بھی مقبول ہے ۔اشفاق احمد کا ایک تاریخی جملہ ہے کہ ’’مجھے گنا چوس کر پنجابی لکھنے میں بہت مزہ آتا ہے ‘‘۔

ان کا ٹی وی کے لیے اصلاحی پروگرام ’’زاویہ ‘‘بھی عوام میں بے حد پسند کیا گیا۔اشفاق احمد کو ان کی فنی خدمات کے صلہ میں 1979 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔اس کے علاوہ انہوں نے دوحہ قطر ایوارڈ اور ستارہ امتیاز بھی حاصل کیا۔ اشفاق احمد7 ستمبر 2004 کی صبح انتقال کر گئے تھے۔