دشمن بندوق سے تو ہمیں ختم نہیں کرسکا لیکن دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا کر مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ،پرویز رشید

پانچ ستمبر کی شام کو بھارتی جنرل نے دعوٰی کیا وہ لاہور کے جمخانہ میں جشن منائیں گے مگر وہ ناکام رہے، یہی ان کی شکست ہے،وزیر اطلاعات ونشریات کا تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 12:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن بھارت کیلئے یوم جارحیت اور پاکستان کیلئے یوم دفاع ہے ،آج ہم ایک اور جنگ میں مصروف ہیں جو 1965کی جنگ کا تسلسل ہے ،بھارت پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام کا شکار کرکے پاکستان کی معیشت کو روک کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے دشمن کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،ہم ضرب عضب کو کامیاب اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ۔

ہمارا دشمن بندوق سے تو ہمیں ختم نہیں کرسکا لیکن دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا کر مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ۔وہ اتوار کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

6ستمبر کا دن برصغیر کے دو ہمسایہ ملکوں کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے دونوں اس دن کو اپنے نقطہ نظر سے یاد کررہے ہیں لیکن سچائی چھپانا بھارت کیلئے ممکن نہیں ہے۔

سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن برصغیر کے دو ہمسایہ پاکستان اور بھارت کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔دونوں ملک اس دن کواپنے نقطہ نظر سے یاد کررہے ہیں ۔ دونوں ممالک اپنی عوام کو اس جنگ کے پس منظر کے حوالے سے آگاہ کررہے ہیں ۔پرویز رشید نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہہ بھارت کیلئے ممکن نہیں کہ وہ نظریں چرا سکے اور سچ اپنے لوگوں سے چھپا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے چھ ستمبر کو پاکستان پر جارحیت کی اور حملہ کیا اس حملے سے اس کی گواہی اور شہادت نے ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں جو تاریخ میں موجود ہیں ۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے مرضی سے چھ ستمبر کو محاذ کھولا اور جنگ اور وقت کا تعین بھی بھارت نے خود طے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پانچ ستمبر کی شام کو بھارتی جنرل نے دعوٰی کیا وہ لاہور کے جمخانہ میں جشن منائیں گے ،انہوں نے کہا کہ اگربھارت اپنے دونوں کاموں کو عملی جامہ پہنالیتے تو پھر یہ تھاکہ اس نے اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں لیکن وہ ناکام رہا اور کامیابی حاصل نہ کرسکا ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم فخر اور یقین سے اپنے بچوں کو بتاسکتے ہیں کہ آج کا دن بھارت کیلئے یوم جارحیت اور پاکستان کیلئے یوم دفاع کا دن تھا جب ہم اپنے وطن کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئے آج کا دن ہم نے جیتا اور بھارت نے ہارا ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک اور جنگ لڑرہے ہیں اور یہ جنگ انیس سوپینسٹھ کی جنگ کا تسلسل ہے ،پینسٹھ کی جنگ سے پہلے پاکستان کی معیشت مضبوط تھی بڑے بڑے منصوبے بنائے گئے تھے ایسے ڈیم بنائے گئے جن کے ذریعے سستی بجلی فراہم کی جاتی تھی لیکن پینسٹھ کی جنگ کے بعد ہماری قوم نے وہ حسن کم دیکھا ،انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس جنگ کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی اور آج بھی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو روک کر مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اپنی محنت سے اس میں مزید اضافہ کریں گے ،پرویز رشید نے کہا کہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ ہر فرد نے دفاع پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا جن میں فنکاروں موسیقاروں ادیبوں دانشوروں جنہوں نے دن رات اپنے قلم کے ذریعے اس جذبے کو تقویت دی ان سب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فوج تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہی ہے پہلے ہمارادشمن ہمارے سامنے تھا لیکن آج دشمن پاکستان کے گلی گلی کوچے کوچے میں چپھا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کو سیاسی اور قومی حمایت کی ضرورت ہے۔ جب تک ہمارا ملک باقی ہے شہداء کی قربانیوں کو قیادمت تک یاد رکھا جائے گا ۔