بھارت جو مقاصد65 کی جنگ میں حاصل نہیں کرسکا و ہ آج دہشت گردی کے ذریعے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاکرحاصل کرنا چاہتا ہے؛وزیر اطلاعات پرویز رشید

آج کی جنگ بھی 65 کی جنگ کا تسلسل ہے، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو ہر ممکن صورت میں مکمل کریں گے 1965 ء کی جنگ میں دنیا نے پاکستان کی کامیابی کا اعتراف کیا ، بھارت کی جارحیت ناکام ہوئی اور پاکستان اپنی علاقائی سا لمیت کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا؛ یوم دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 13:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشیدنے کہا ہے کہ بھارت جو مقاصد65 کی جنگ میں حاصل نہیں کرسکا وہ مقاصد پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاکرحاصل کرنا چاہتا ہے اور اسی لئے اب پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کررہا ہے،آج کی جنگ بھی 65 کی جنگ کا تسلسل ہے، ہمیں ضرب عضب کی کامیابی کے لئے پوری کوشش کرنی چاہیے، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو ہر ممکن صورت میں مکمل کریں گے۔

اتوار کو اسلام آباد میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے لئے1965کی جنگ کے حقائق چھپانا ممکن نہیں، 5 ستمبر کو بھارتی جنرل نے لاہور میں جشن منانے کااعلان کیا تھا، آج کا دن بھارت کے لئے یوم جارحیت اورپاکستان کے لئے یوم دفاع ہے، 1965 میں افواج پاکستان کے ساتھ پاکستان کے ہرفرد نے دفاع پاکستان میں حصہ لیا، اپنی آواز اور تحریرکے ذریعے بھی جنگ لڑی گئی۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بھارت جومقاصد65 کی جنگ میں حاصل نہیں کرسکا وہ مقاصد پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاکرحاصل کرنا چاہتا ہے، بھارت اب پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے، آج کی جنگ بھی 65 کی جنگ کا تسلسل ہے، ہمیں ضرب عضب کی کامیابی کے لئے پوری کوشش کرنی چاہیے، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو ہر ممکن صورت میں مکمل کریں گے۔

1965 ء کی جنگ بلاشبہ پاکستان نے کامیابی حاصل کی اور دنیا نے اس کا اعتراف بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن بھارت کی جارحیت ناکام ہوئی اور پاکستان اپنی علاقائی سا لمیت کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا۔مسلح افواج کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر طبقے نے پاکستان کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 1965 ء کی جنگ میں اہم کردار ادا کرنے پر ریڈیو پاکستان اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران گلوکاروں اور شاعروں نے اپنی آواز اور قلم کے ذریعے قوم میں حب الوطنی کا نیا جذبہ پیدا کیا۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دشمن آج بھی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادے۔