آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 64 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی

اتوار 6 ستمبر 2015 13:48

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 64 رنز سے ہرا ..

لندن ۔ 6 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے، کپتان سٹیون سمتھ، جارج بیلی اور مچل مارش نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ایون مورگن 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پیٹ کمنز نے چار وکٹیں حاصل کیں، مچل مارش کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لارڈز، لندن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

مچل مارش نے 31 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔

کپتان سٹیون سمتھ 70 ، جارج بیلی 54 ، گلین میکسویل 49 اور شین واٹسن 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس نے تین، سٹیون فن نے دو جبکہ عادل راشد اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.3 اوورز میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ایون مورگن نے 85 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

جیسن رائے 31 ، ایلیکس ہیلز 18 ، جیمز ٹیلر 43 ، بین سٹوکس 10 ، جوز بٹلر صفر، معین علی 8 ، کرس ووکس 6 ، عادل راشد 2 اور لیم پلنکیٹ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 56 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل نے دو جبکہ مچل مارش، نیتھن کولٹر نائل اور مچل سٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مچل مارش کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :