یوم دفاع کو پاکستان کی تاریخ میں اہم مقام حاصل ہے، قوم نے اپنی افواج کے ساتھ مل کر اپنے اتحاد سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا یا ، معروف دفاعی تجزیہ نگاروں کاریڈیو پروگرام میں اظہارخیال

اتوار 6 ستمبر 2015 13:51

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) معروف دفاعی تجزیہ نگاروں نے یوم دفاع کو پاکستان کی تاریخ میں اہم دن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس دن قوم نے اپنی افواج کے ساتھ مل کر اپنے اتحاد سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا یا اور اپنی سرحدوں کا دفاع کیا۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام نکتہ نظر میں یوم دفاع کے حوالہ سے جاری خصوصی نشریات میں دفاعی تجزیہ نگار ڈاکٹر محمد خان کا کہنا تھا کہ رواں سال یوم دفاع کی شاندار تقریبات کا انعقاد یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم نے اپنے دشمن کو شکست دیدی ہے اور آئندہ بھی دشمن کو شکست دینے کیلئے قوم متحد ہے۔

ڈاکٹر خان کا کہنا تھا کہ یہ نہایت اہم وقت ہے کہ ہم دنیا کو اپنی پہچان کرائیں اور انہیں باور کرائیں کہ ہم زندہ اور متحد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج دشمن کو ہماری تیاریاں دیکھ کر اندازہ ہو جانا چاہئے اور یقیناً پوری دنیا کو اب ہماری طاقت کا اندازہ ہو گیا ہے اور پتہ چل گیا ہے کہ ہم ہر محاذ پر کامیابی حاصل کرنا جانتے ہیں۔ پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ نگار میجر جنرل (ر) فاروق اقبال کا کہنا تھا کہ 1965ء کی جنگ ہم نے قوم کی حمایت اور اللہ کی مدد سے جیتی تھی اور آئندہ بھی قوم کے اتحاد سے ہم بڑے سے بڑا معرکہ بھی جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دفاعی تجزیہ نگار ایئر مارشل (ر) ارشد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ہماری افواج ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :