مضبوط فوج کے کردار سے ہی پاکستان موجودہ مشکلات سے نکل سکتا ہے‘ چودھری شجاعت حسین

پاک فوج اور عوام ایک ہیں، آج بھی بھارت کو 65ء کے جذبہ سے جواب دیں گے، دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنیوالوں کو سلام کرتا ہوں کسی ملک میں اپنی فوج پر تنقید کی مثال نہیں، یہاں وزیردفاع بھی نہیں بخشتا‘ لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر کے مزار پر چادر پوشی کے بعد گفتگو

اتوار 6 ستمبر 2015 15:56

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج اور عوام پاکستان پر حملہ کرنے پر بھارت کو آج بھی 1965ء والے جذبہ اور جرأت سے جواب دیں گے اور پاکستان کی طرف بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا، مضبوط فوج کے کردار سے ہی پاکستان اپنے موجودہ مسائل و مشکلات پر قابو پا سکتا ہے، میں یوم دفاع کے موقع پر ان شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

وہ محمد بشارت راجہ اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد کے مضافاتی گاؤں محفوظ آباد (پنڈ ملکاں) میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کے مزار پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر آڑے وقت میں ہماری افواج کا کردار مثالی رہا ہے، مضبوط فوج مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، دنیا بھر میں کسی بھی ملک کی مثال نہیں ملتی جہاں اپنی افواج پر تنقید کی جاتی ہو، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ وزیردفاع بھی فوج کو نہیں بخشتے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج ہمارا ملک جس دور سے گزر رہا ہے اور جن مسائل کا ہمیں سامنا ہے ان سے مضبوط فوج کا کردار ہی ہمیں نجات دلا سکتا ہے، سانحہ پشاور سے لے کر سانحہ کراچی تک درجنوں واقعات سے نبرد آزما ہونا صرف فوج کا ہی کام ہے، آج یوم دفاع کے حوالے سے ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہمیں متحد ہو کر مادرِ وطن کا دفاع کرنا ہے، ملک کی سلامتی کی ضامن افواج پاکستان کو مضبوط کرنا ہے اور ہر اندرونی و بیرونی سازش سے اسے بچانا ہے، ہم ہر سازش کیخلاف پاک افواج کا شانہ بشانہ ساتھ دیں گے اور عوام کے ساتھ مل کر اس کی عزت و وقار کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ اور زبان کاٹ دیں گے۔ امتیاز رانجھا اور راجہ ناصر بھی ان کے ہمراہ جانے والے رہنماؤں میں شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :