ایف آئی اے نے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں لاکھوں روپے جواء نیٹ ورک ناکام بنانے کے لیے راجہ بازار میں کارروائی کا فیصلہ

اتوار 6 ستمبر 2015 16:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) ایف آئی اے نے راولپنڈی قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کالاکھوں روپے جواء نیٹ ورک ناکام بنانے کے لیے راجہ بازار میں کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ، نیٹ ورک مبینہ طورپر بیرون ملک سے بھی رابطے میں ہے ،سرکردہ گروہ میں شیخ برادری ،ملک برادری ،خان گروپ سرفہرست ہیں جو مقامی پولیس اور کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں جن کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے تحقیقات کا فیصلہ کیاہے ۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایاکہ راولپنڈی میں ہونے والے قومی کرکٹ ٹی ٹونٹی کپ کے شروع ہوتے ہی ملک بھر کے بڑے جواریوں نے راجہ بازار مارکیٹ،کمرشل مارکیٹ اور اطراف میں ڈھرے جما لیے جس کے بعد جڑواں شہروں کے شوقین جواریوں نے بھی لنگوٹ کس لیے ہیں۔

(جاری ہے)

میچوں میں اب تک لاکھوں روپے کا جواء لگایا گیاہے ۔ موبائل فون سے آپریٹ ہونے والے جوائے کے باعث پولیس ریڈ کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے جبکہ جواری بھی خود کو محفوظ تصور کررہے ہیں ۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ مقامی افرادکی جانب سے شکایات کے بعدایف آئی اے اور پولیس کی جانب سے راجہ بازار مارکیٹ جواریوں کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔واضح رہے کہ قومی ٹی ٹونٹی کے بعدجڑواں شہروں میں جوائے کا ریٹ بے حد سرائیت کرگیاہے ۔واضح رہے کہ مختلف شہروں کی ٹیموں پر جواء کے علاوہ کھلاڑیوں پر بھی فی کس کے حساب سے ریٹ مقرر کردیا گیا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ جواریوں کے ٹاؤٹ اسٹیڈیم میں موجودگی کی بھی اطلاعات ملی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ ترجمان شکیل خان نے آن لائن کے رابطہ کرنے پر کہا کہ شہر میں ہونے والے جواء سے ان کا تعلق نہیں نہ ہی انہیں اس کا علم ہے ۔`

متعلقہ عنوان :