قومی اسمبلی آف پاکستان اسلا می ممالک کی پارلیمانی یونین کی 34ویں ایگزیکز کمیٹی کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے گی

ایگزیکٹو کمیٹی عراق میں منعقد ہونے والی 11ویں PUICکانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے گی

اتوار 6 ستمبر 2015 16:34

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) اسلا می ممالک کی پارلیمانی یونین (PUIC)کی ایگزیکٹو کمیٹی کا34واں اجلاس 7اور 8ستمبر 2015کو اسلا م آباد میں منعقد ہو گا۔ قومی اسمبلی آف پاکستان ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے گی ۔قائمقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی 7ستمبر 2015کوایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی ہو ں گے ۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے علاوہ، الجیریاء ،لبنان ،مراکش ، سعودی عرب، آذربیجان ،ملائیشیا ،چاڈ ،گنی ،اوری کوسٹ ، یوگنڈہ ،ترکی ،عراق اور ایران کے اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے ۔ PUICکی ایگزیکٹو کمیٹی اپنے 2 روزہ اجلاس میں عراق کے شہر بغداد میں 2016میں منعقد ہونے والی PUICکانفرنس کے ایجنڈے پر غور کرکے اُسے حتمی شکل دے گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے PUICکے ورکنگ گروپ کا مرتب کیے گے چارٹر کے مسودے کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں PUICکی سیاسی ،خارجہ اورقانونی اُمور، ماحولیات انسانی حقوق ،خواتین اور خاندانی اُمور،ثقافت ، اور بین المذاہب مکالمے سے متعلق قائمہ کمیٹیوں کے ایجنڈوں کو بھی زیر بحث لا کر حتمی شکل دی جائے گی ۔ اجلاس کے شرکاء اسلا می ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور اسلامی ممالک کودرپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجوں کو بھی زیر بحث لائیں گے۔ایگزیکٹو کمیٹی کے اختتامی اجلاس میں کمیٹی کے 34ویں اجلاس کی رپورٹ اور اعلامیہ اسلا م آباد کی منظوری دی جائے گی۔