سب سے بڑے مفرور منشیات فروش کے بیٹے نے باپ کا مقام ٹوئیٹر پر پوسٹ کر دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 6 ستمبر 2015 17:54

سب سے بڑے مفرور منشیات فروش کے بیٹے نے باپ کا مقام ٹوئیٹر پر پوسٹ کر ..

کوسٹاریکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6ستمبر۔2015ء)حکام کو دنیا کے سب سے بڑے مفرور منشیات فروش کے ٹھکانے کے بارے میں شواہد مل گئے۔ یہ اطلاع کسی اور نے نہیں بلکہ منشیات فروش کے بیٹے نے دی ہے، صرف حکام کو ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کو بتا دیاکہ اس کا باپ کہا ں ہے۔ دنیا کی مضبوط ترین جیل سے فرار ہونے والے منشیات فروش جواکوئن ال چاپو گزمان کے بیٹے الفریڈو گزمان سلازار نے ٹوئیٹر پر اپنے باپ کے مقام کی نشاندہی کر دی۔

الفریڈونے ٹوئیٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں اسے ایک ریسٹورنٹ میں دو افرادکے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ دونوں افراد کی شکلیں ظاہر نہیں تھی مگر ان سے ایک اس کی مشابہت اس کے باپ سے بہت زیادہ تھی ۔اگر صرف تصویر ہی ہوتی تو کوئی بات نہیں تھی مگر الفریڈو نے تصویر کے ساتھ مقام کا ٹیگ بھی پوسٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

جس سے پتہ چل گیا کہ وہ کوسٹا ریکا میں ہے۔

یہ ٹوئیٹ آنے کے بعد کوسٹا ریکا کی عدالتی تفتیشی پولیس نے اعلان کر دیا کہ وہ ال چاپو کو پورے ملک میں تلاش کریں گے۔ ال چاپو سینالوا ڈرگ کارٹل کا سربراہ ہے اور اربوں ڈالر کا مالک ہے۔میکسیکو اور امریکا کے حکام نے اسے پکڑوانے والے کو 8.8ملین انعام دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ ال چاپو اس سال جولائی میں میکسیکو کی الٹیپلانو جیل سے فرار ہو گیا تھا۔ جیل سے فرار ہونے کے لیے اس نے ایک خفیہ سرنگ کو استعمال کیا، جس کے بارے میں جیل حکام کو بھی اندازہ نہیں تھا۔