سابق پاکستانی کر کٹر سعید انور47 برس کے ہو گئے

اتوار 6 ستمبر 2015 18:02

سابق پاکستانی کر کٹر سعید انور47 برس کے ہو گئے

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6ستمبر ۔2015ء )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اوپنر سعید انورآج اپنی47ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 6 ستمبر 1968ء میں کراچی میں پیدا ہونے والے اوپننگ بیٹسمین سعید انور نے 1989ء میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا۔ انور اپنے دلکش اسٹروکس پلے سے جلد ہی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

1997ء میں سعید انور نے رویتی حریف بھارت کے خلاف چنائی میں اس وقت کی ون ڈے کی سب سے بڑی انفرادی 194 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور یہ ریکارڈ 13 برس تک ان کے نام رہا۔

انہوں نے 247 ایک روزہ میچز میں39.21کی اوسط سے8824 رنز سکور کیے جس میں 20 سنچریاں اور 47نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔سٹائلش اوپنر نے55 ٹیسٹ میچز میں45.52کی اوسط سے 4052 رنز بنائے جس میں 11سنچریاں اور 25نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ سعید انور نے 2003ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد قومی ٹیم میں کئی اوپنرز آئے لیکن قومی ٹیم آج بھی قابل اعتماد اوپننگ بیٹسمین سے محروم ہے۔