6ستمبر1965ء پاکستان کیلئے یوم دفاع اوربھارت کیلئے یوم جارحیت ہے، پاکستان نے یہ دن جیتااوربھارت نے ہارا، بھارت کیلئے سچائی سے نظر چرانا ممکن نہیں،ہمارا مقصد ”ضرب عضب“ کے ذریعہ دہشت گردی ختم کرنا اور دشمن کو شکست دینا ہے ، پاکستان کو محفوظ ، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنا کر جنگ کے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کریں گے ، وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 19:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔6ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 6ستمبر1965ء پاکستان کیلئے یوم دفاع اوربھارت کیلئے یوم جارحیت ہے، پاکستان نے یہ دن جیتااوربھارت نے ہارا، بھارت کیلئے سچائی سے نظر چرانا ممکن نہیں،ہمارا مقصد ”ضرب عضب“ کے ذریعہ دہشت گردی ختم کرنا اور دشمن کو شکست دینا ہے، پاکستان کو محفوظ ، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنا کر جنگ کے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کریں گے۔

اتوار کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ ہر فرد اور ادارے نے اپنا فریضہ ادا کیا، ریڈیو پاکستان اور پی آئی ڈی کا کردار بھی اتنا ہی اہم تھاجنہوں نے عوام کو جنگ سے متعلق درست معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک محفوظ ، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنا کر جنگ کے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ 6 ستمبر کا دن دو ہمسایہ ممالک کیلئے تاریخ کا اہم دن ہے، دونوں ممالک اس دن کو اپنے اپنے نکتہ نظر سے یاد کرتے ہیں اور اپنے اپنے ملک میں رہنے والے شہریوں کو اس کے پس منظر سے آگاہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کیلئے سچائی سے نظر چرانا ممکن نہیں، اس دن بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا جس کی گواہی کے انمٹ نقوش ہیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کے بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی مرضی کا محاذ کھولیں گے،5 ستمبر1965ء کو بھارتی جنرل نے دعویٰ کیا کہ وہ لاہور کے جمخانہ میں اپنی شام کی تقریب منعقد کریں گے لیکن پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے مل کر بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن عزیزکا سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ دن جیتااوربھارت نے ہارا۔ وزیر اطلاعات ،نشریات وقومی ورثہ نے کہا کہ آج کے دن ہم تمام شہداء، غازیوں، ادیبوں اور شاعروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے اپنے محاذوں پر دفاع وطن کے تقاضے پورے کئے ،1965ء کی جنگ کے دوران تاجروں اور صنعت کاروں نے معیشت کا پہیہ رکنے نہ دیا، ریڑھی لگانے والوں اور ٹھیلہ لگانے والوں نے شہروں یا دیہات میں کسی جگہ اشیاء ضروریہ کی قلت پیدا نہ ہونے دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 65 کی جنگ سے قبل پاکستانی معیشت دنیا کی بہتر معیشتوں میں شمار کی جاتی تھی، تربیلا ڈیم اورمنگلا ڈیم سمیت بڑے معاشی منصوبے اس دور میں بنے تاہم اس کے بعد معیشت کا وہ حسن نہ رہا اور بھارت کی کوشش رہی کہ کسی نہ کسی طرح پاکستان میں عدم استحکام کیا جائے ، دشمن جب بندوق کے ذریعہ اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکا تو اس نے دہشت گردی کے ذریعہ اپنا مقصد حاصل کرنا چاہا جبکہ ہمارا مقصد ”ضرب عضب“ کے ذریعہ دہشت گردی ختم کرنا اور دشمن کو شکست دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی ختم کریں گے، ملکی معیشت سے متعلق عالمی درجہ بندی میں اضافہ کریں گے، پاکستان کو محفوظ ، ترقی یافتہ اورخوشحال ملک بنا کر غازیوں اورشہداء کو سلام پیش کریں گے۔ تقریب سے سینیٹر سعید غنی نے بھی خطاب کیا اورکہا کہ آج کا دن شہیدوں، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو یاد کرنے کا دن ہے، آج کے دن ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج کی بھرپورحمایت کے عزم کا اظہاراوراعادہ کرنا چاہئے ۔قبل ازیں تقریب کے آغازپر9بجکر29منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی اور1965ء کی جنگ کے شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔