قومی ٹی 20 کپ کا مین راؤنڈ کل شروع ہوگا

پیر 7 ستمبر 2015 11:51

قومی ٹی 20 کپ کا مین راؤنڈ کل شروع ہوگا

راولپنڈی ۔ 7 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قومی ٹی 20 کپ کے مین راؤنڈ کا آغاز کل منگل سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک ساتھ ہو گا۔ ملک بھر سے 12 ٹیمیں قومی چیمپئن بننے کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں حیدرآباد ریجن، ملتان ریجن، کراچی وائٹس، سیالکوٹ ریجن، بہاولپور ریجن، راولپنڈی ریجن جبکہ گروپ بی میں ایبٹ آباد ریجن، کراچی ریجن بلیوز، لاہور وائٹس، اسلام آباد ریجن، فیصل آباد ریجن اور پشاور ریجن شامل ہیں۔

افتتاحی روز پانچ میچز کے فیصلے ہوں گے، حیدر آباد اور ملتان کی ٹیمیں مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گی، کراچی وائٹس اور سیالکوٹ ریجن کی ٹیمیں راولپنڈی سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد اور کراچی ریجن بلیوز کے درمیان مقابلہ ہو گا، لاہور وائٹس اور اسلام آباد ریجن کی ٹیمیں راولپنڈی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دن کا پانچواں اور آخری میچ راولپنڈی ریجن اور بہاولپور کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی، 13 ستمبر تک لیگ میچز کھیلے جائیں گے اور اس کے بعد دونوں سیمی فائنلز 14 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ قومی چیمپئن کا فیصلہ 15 ستمبر کو فائنل میں ہو گا۔