این سی ایچ ڈی کے زیر اہتمام خواندگی کے عالمی دن کے سلسلہ میں واک کل ہو گی

پیر 7 ستمبر 2015 16:50

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کے زیر اہتمام خواندگی کے عالمی دن کے سلسلہ میں واک کل (منگل کو) ہو گی جس میں خواندگی سے متعلق مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس واک کا اہتمام اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور کلچر (یونیسکو) کے تعاون اور وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی قیادت میں کیا جا رہا ہے۔

واک میں سرکاری افسران، عطیہ دہندہ اداروں، غیر سرکاری اداروں کے نمائندے اور وفاقی دارالحکومت کے ہائی سکولوں سے 500 طلبہ شرکت کریں گے جو صبح 11 بجے چائنا چوک سے شروع ہو گی اور ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔ خواندگی کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے جس میں تعلیمی ادارے اور خواندگی کے مشنز دنیا بھر میں خواندگی میں اضافہ کیلئے کوششیں کرتے ہیں اور ممبر ممالک کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال خواندگی کے دن کا موضوع ”خواندگی اور پائیدار معاشرے“ چنا گیا ہے۔ این سی ایچ ڈی کے حکام نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء“ کو بتایا کہ پاکستان میں 5 کروڑ 70 لاکھ نوجوان، جن میں تقریباً دو تہائی خواتین بھی شامل ہیں، پڑھنا لکھنا نہیں جانتے۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، معاشی تحفظ فراہم کرنے، اچھی صحت اور انسانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، برداشت اور شناخت کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ این سی ایچ ڈی انسانی وسائل کی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کر رہی ہے جس کیلئے سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور ضلعی سطح پر منتخب نمائندوں کے ذریعہ پرائمری تعلیم، خواندگی آمدن حاصل کرنے والی سرگرمیوں اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کی خدمات شامل ہیں۔