پاکستان اورچین کی فضائی افواج کی مشترکہ مشقیں شروع ہوگئیں

لڑاکا جیٹ طیارے،بمبار طیارے اورپیشگی وارننگ دینے والے جہاز حصہ لے رہے ہیں مشقوں سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مدد ملے گی،دونوں ملکوں کی فضائی افواج کے درمیان تجربات کاتبادلہ ہوگا ،ترجمان چینی فضائیہ

پیر 7 ستمبر 2015 19:44

پاکستان اورچین کی فضائی افواج کی مشترکہ مشقیں شروع ہوگئیں

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان اورچین کی فضائی افواج کی مشترکہ مشقیں شروع ہوگئی ہیں جن میں لڑاکا جیٹ طیارے،بمبار طیارے اورپیشگی وارننگ دینے والے جہاز حصہ لے رہے ہیں یہ مشترکہ مشقیں پاکستان اور چین کے درمیان فوجی تربیت کے پروگراموں کاحصہ ہیں ۔ چین کی فضائیہ کے ترجمان شن جنکے نے بتایا کہ ان مشقوں سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مدد ملے گی اور دونوں ملکوں کی فضائی افواج کے درمیان تجربات کاتبادلہ ہوگا تاہم ترجمان نے ان مشقوں کے مقام اور اوقات کار کے بارے میں تفصیل بتانے سے گریز کیا اس قسم کی پہلی مشقیں مارچ2011ء میں پاکستان اوردوسری ستمبر2013ء میں چین کے مغربی صوبہ سنکیانگ میں ہوئی تھی جہاں یغورشدت پسند آباد ہیں جبکہ تیسری مشقیں گزشتہ سال مئی میں پنجاب پاکستان میں ہوئی تھیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ چین کی فضائیہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے واضح رہے کہ چین فوجی لحاظ سے پاکستان کا اہم معاون اورشراکت دار ہے دونوں ملک لڑاکا طیارے تھنڈر جے ایف17 بھی تیار کرچکے ہیں پاکستان چین سے لڑاکاطیارے جے10 حاصل کرنے میں بھی دلچسپی رکھتاہے جو آج تک چین کے علاوہ کسی ملک کے پاس نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے 75فوجیوں کے دستے نے دوسری عالمی جنگ میں چین کی فتح کے 70سال مکمل ہونے پر چین میں ہونیوالی پریڈ میں حصہ لیاتھا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی فوجی تعلقات کااندازہ ہوتا ہے جبکہ بھارت نے ان مشقوں میں شرکت سے پہلے ہی انکارکردیاتھا۔

متعلقہ عنوان :