مولاناقاری حنیف جالندھری کاعلماء کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات پراطمینان کااظہار

اعتماد کی فضاء قائم ہوگی، حکومت نے یقین دلایا ہے آئندہ مدارس پرچھاپے نہیں مارے جائیں گے،حنیف جالندھری کی خصوصی بات چیت

پیر 7 ستمبر 2015 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمدحنیف جالندھری نے علماء کرام کی وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف سے طویل ملاقات پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے اعتماد کی فضاء قائم ہوگی اور کہاہے کہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ مدارس پرچھاپے نہیں مارے جائیں گے۔

پیرکواُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی سے ہماری یہ پہلی ملاقات تھی جو چار گھنٹے جاری رہی اوراس میں تمام حالات کاجائزہ لیاگیا انہوں نے کہاکہ اس قسم کی ملاقاتوں سے اعتماد کی فضاء قائم ہوگی اورمل جل کرفیصلے کئے جاسکیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مدارس کے رجسٹریشن کے حوالے سے ہم نے حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اورفیصلہ کیا گیا ہے کہ باہمی مشاورت سے رجسٹریشن فارم اوراس کاطریقہ کار مرتب کیاجائیگا یہ کام وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کی سربراہی میں ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں مولانا قاری حنیف جالندھری نے کہاکہ ہم نے مدارس پرچھاپوں کے حوالے سے بھی تشویش کااظہار کیا اور ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ کسی قسم کے چھاپے نہیں مارے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج(منگل کو)پریس کانفرنس کے دوران ہم مزید تفصیلات اورآئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کرینگے۔

متعلقہ عنوان :