بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد ہوگا نہ ہے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا کوئی فیصلہ ہواہے ٗاسد عمر

ایاز صادق نے ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کر کے مقابلے سے راہ فرار اختیار کر لی ہے ٗمیڈیا سے گفتگو

پیر 7 ستمبر 2015 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد ہوگا نہ ہے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا کوئی فیصلہ ہواہے ٗایاز صادق نے ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کر کے مقابلے سے راہ فرار اختیار کر لی ہے۔ قومی زرعی تحقیقاتی کونسل میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارہ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے NARCجیسے قومی ادارے کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے زراعت کو نظر انداز کرنے کا خمیازہ پوری قوم پہلے ہی بھگت رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر زرعی ریسرچ کے ذمہ دار اس ادارے کو تباہ کیا گیا تو اس کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہونگے اور تحریک انصاف اس کی بالکل اجازت نہیں دیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کاشتکار اور کسان انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں، چنانچے اگر حکومت نے NARCکو تباہ کرنے کی کوشش کی تو بھرپور مزاحمت کرینگے اور سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنما نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے الحاق کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی بھی سیاسی جماعت خصوصاً پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی الائنس کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بھی کسی سیاسی جماعت سے الائنس کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہیں امید ہے کہ تحریک انصاف اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تنہا حصہ لے گی۔