اداکارہ مشی خان کی ساڑھے چار لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی

مشی خان کو گرفتار یا تنگ نہ کیا جائے‘ جج زاہد حسین کی پولیس کو ہدایت

منگل 8 ستمبر 2015 11:44

اداکارہ مشی خان کی ساڑھے چار لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں ضمانت منظور کر ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ مشی خان کی ساڑھے چار لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے-مقامی عدالت کے جج زاہد حسین نے مشی خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ انہیں گرفتار یا تنگ نہ کیا جائے -مشی خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جہاں ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مشی خان نے کوئی فراڈ نہیں کیا اس حوالے سے درخواست گزار افشا ں خان کی طرف سے لگائے گئے تمام تر الزامات بے بنیاد ہیں-افشاں خان نے مشی خان کے خلاف دو اشتہارات کیلئے ایک نجی ایڈورٹائزنگ ایجنسی سے دو چیکوں کی صورت میں ساڑھے چار لاکھ روپے لینے اور پھر اشتہارات تیار نہ کرانے کا الزام عائد کیا ہے -مدعی اور مدعاعلیہ دونوں خواتین قریبی رشتہ دار بتائی جاتی ہیں مشی خان گزشتہ روز بھی عدالت میں پیش ہوئی تھیں تاہم مدعی خاتون کے پیش نہ ہونے کے باعث ایک روز کیلئے سماعت ملتوی کر دی گئی تھی اور عدالت نے مدعی افشاں خان کو پیش ہونے کا حکم دیاتھا-عدالت نے کیس کا چالان جلد از جلد پیش کرنے کی بھی پولیس کو ہدایت کی ہے اور مشی خان کی پچاس ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت کنفرم کر دی -