یو ایس اوپن : اینڈی مرے چوتھے راؤنڈ سے باہر

منگل 8 ستمبر 2015 12:32

یو ایس اوپن : اینڈی مرے چوتھے راؤنڈ سے باہر

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے چوتھے راوٴنڈ میں باہر ہو گئے ہیں جبکہ راجر فیڈرر نے سیدھے سیٹوں میں کامیابی حاصل کی، گذشتہ پانچ سال میں یہ پہلا موقعہ ہے جب اینڈی مرے اتنی جلدی کسی گرینڈ سلیم سے باہر ہوئے ہوں میچ کے دوران اینڈی مرے کھیل پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ پائے اور انھوں نے اپنی جھنجھلاہٹ ریکیٹ پر نکالی۔

چار گھنٹے 18 منٹ تک چلنے والے ایک انتہائی سخت مقابلے میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے مرے کو شکست دی۔اینڈرسن پہلی بار کسی بڑے مقابلہ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اینڈرسن نے اس مقابلے میں 6-7 (5-7)، 3-6، 7-6 (7-2) اور 6-7 (0-7) سے جیت حاصل کی۔دوسری طرف خواتین کے سنگلز مقابلے میں پیٹرا کویتووا نے برطانیہ کی جو آونٹا کو سیدھے سیٹوں میں 7-5 ، 6-3 سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

فلشنگ میڈوز کی شام کو صرف 12 منٹ کے دوران ٹینس کے سنگلز مقابلوں میں برطانیہ کی دو امیدیں ختم ہو گئیں۔کونٹا کی جیت کا سلسلہ 16 میچوں کے بعد آرتھر ایشے سٹیڈیم میں سیدھے سیٹوں میں شکست کے بعد رک گیا جبکہ اینڈی مرے کی امیدیں لوئی آرم سٹرونگ سٹیڈیم کے گرم ماحول میں خاک میں مل گئیں۔خیال رہے کہ 38 سال قبل مردوں اور خواتین کے کوارٹر فائنلز میں برطانوی کھلاڑی پہنچے تھے۔

مرے نے اس میچ کے بعد کہا ’واضح طور یہ شکست بہت مایوس کن ہے۔ یہ بہت سالوں کی محنت کا نتیجہ تھا اور اسے کھونا بہت سخت ہے۔‘خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اینڈرسن کا قد چھ فٹ اور آٹھ انچ ہے اور انھوں نے اس میچ سے قبل سب سے زیادہ 69 ایسز مار رکھے تھے اور یہ ان کی قوت کا واضح ثبوت ہیں۔خواتین سنگلز کے چوتھے راوٴنڈ کے دوسرے مقابلوں میں ازارینکا نے امریکہ کی لیپچنکو کو 3-6، 4-6 سے شکست دی۔فیڈرر نے امریکہ کے جے اسنر کو 6-7۔ 6-7، 5-7 سے شکست دی۔