قومی ہینڈبال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، عثمان ملک

منگل 8 ستمبر 2015 13:01

قومی ہینڈبال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، عثمان ملک

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) انٹرنیشنل کھلاڑی عثمان انجم ملک المعروف مون ملک نے کہا ہے کہ قومی ہینڈبال ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ سیف گیمز آئندہ برس جنوری میں بھارت میں کھیلے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہینڈبال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے18 کھلاڑی شرکت کرینگے جن میں شاہد پرویز، ذاکر حسین، حضرت حسین، رحمت شاہ، مبین اشرف، نوید، نواز، خرم، آصف، آصف علی، زبیر، عزیز، عثمان، زاہد، عمران، شہزاد، عاصم اور مزمل شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ رانا اظہارالحق اور سلطان محمود اعلیٰ اور جدید تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم 2010 ء میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی سیف گیمز کے فائنل میں بھارت کو7 گول سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

مون ملک نے کہا کہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیف گیمز میں پاکستان کا بھارت کے ساتھ سخت مقابلہ ہو سکتا ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم سیف گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔