حکومت کاکسانوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ

منگل 8 ستمبر 2015 14:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں گراوٹ اور بلند پیداواری لاگت کے باعث پاکستان میں بھی حکومت نے کسانوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔ کاشت کاروں کے لیے ایگری ریلیف پیکج کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں کمی،ملک میں آنے والے سیلاب اور بلند پیداواری لاگت کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کپاس اور چاول جیسی اہم فصلوں کی قیمتوں میں گذشتہ سال کی نسبت پچیس فیصد کمی دیکھی جارہی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق کسان برادری کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے آئندہ ہفتے زرعی ریلیف پیکج کا اعلان متوقع ہے، جس کا مقصد کسانوں کو نقد زرِاعانت فراہم کرکے ان کے نقصانات کو کم کرنا اور اہم فصلوں کے لیے نئی امدادی قیمت مقرر کرنا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس ضمن میں پیکج کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔