مسلم لیگ (ن) کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ

منگل 8 ستمبر 2015 14:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نواز شریف نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ پارٹی ورکرز عوام سے رابطہ بڑھائیں اور خوب محنت کریں، حکومت کی گزشتہ دو سال کی کارکردگی اور کامیابیوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے،بلدیاتی انتخابات شفاف بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے بڑھائے جائیں، ہم خیال جماعتوں کو مشاورت میں شامل کر کے آگے بڑھا جائے گا،پارٹی کی صوبائی قیادت فوری طور پر تحصیل اور ضلع کی سطح پر رابطوں کو بڑھائے اور عوام کے اعتماد کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے، پرانے کارکنوں کو سامنے لایا جائے، بلدیاتی انتخابات کے ٹکٹس دیرینہ کارکنان کو دیئے جائیں گے، پارٹی کے پرانے کارکنوں کو ٹکٹس دینے سے مسلم لیگ(ن) مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

منگل کو نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) سندھ کی صوبائی قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عبدالحکیم بلوچ‘ ماروی میمن‘ نہال ہاشمی اور محمد اسماعیل راہو نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق‘ وفاقی وزراء پرویز رشید‘ خواجہ سعد رفیق اور وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر آصف کرمانی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ صوبے میں مسلم لیگ (ن) کو فعال بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سندھ کی عوامی سیاسی صورتحال بالخصوص ضلعی سطح کے سیاسی عوامل پر بھی غور کیا گیا۔سندھ کی پارٹی قیادت کی طرف سے وزیراعظم کو بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں اور سیاسی سر گرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔