این ڈی ایم اے پاکستان اور قزاخستان کا مشترکہ تعاون پر اتفاق

منگل 8 ستمبر 2015 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) این ڈی ایم اے پاکستان اور قزاخستان نے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہارٹ آف ایشیاء (استنبول پراسز) کے تحت کوششیں قابل تعریف ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام سانحات سے نمٹنے کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات ہارٹ آف ایشیاء (استنبول پراسز) کے چوتھے علاقائی ٹیکنیکل گروپ کا اجلاس منگل کو یہاں ہوا‘ جس کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی اور اقدامات اختیار کرنا ہے۔

اس سلسلے میں این ڈی ایم اے پاکستان اور قزاخستان نے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے‘ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک کو ڈیزاسٹرمینجمنٹ سے متعلق ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہارٹ آف ایشیاء (استنبول پراسز) کے تحت کوششیں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان کوریڈور سے ان کاو شوں کو مزید تقویت ملے گی اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے سانحات کو کم کیا جاسکتا ہے۔اجلاس سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سانحات سے نمٹنے کیلئے ایک موثر ارضیاتی مانیٹرنگ نظام کا خوہاں ہیں۔اس شعبہ میں ہمیں مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال قبل اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا اور آج کے اجلاس میں اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک افغانستان میں امن و خوشحالی چاہتے ہیں ‘ ہارٹ آف ایشیاء (استنبول پراسز) اسی سلسلے کا حصہ ہے پاکستان نے ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کا ساتھ دیا ۔ہم تمام افغان اداروں کو تربیت دینے کے خواہاں ہیں ۔اجلاس کا مقصد علاقائی تکنیکی گروپ کی معاونت سے سانحات اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی اقدامات کا جائزہ لینا اور ہارٹ آف ایشیاء اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلقہ اعتماد سازی کے اقدامات کیلئے لائحہ عمل اختیار کرنا تھا۔

شرکاء نے علاقائی تکنیکی گروپ کے چوتھے اجلاس کی تجاویزکو سراہا جسے اس سال دسمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والے ہارٹ آف ایشیاء ممالک کی وزارتی کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس سے یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر آندرے فرانچے نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :