پاک چین اکنامک کاریڈور کے ذریعے تمام علاقائی ممالک کو تجارتی اور معاشی راہداریوں کے ذریعے جوڑا جائے گا،خرم دستگیر

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پہلی مرتبہ عوام ، سیا سی پارٹیاں ، حکومت اور فوج ایک حکمت عملی پر متفق ہیں،احسن اقبال

منگل 8 ستمبر 2015 20:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا ویژن معاشی روابط کے ذریعے خطے کی مشترکہ خوشحالی کا حصول ہے جو امن کے دیر پا قیام کیلئے ضروری ہے، پاک چین اکنامک کاریڈور کے ذریعے تمام علاقائی ممالک کو تجارتی اور معاشی راہداریوں کے ذریعے جوڑا جائے گا، پاکستان میں جمہوری اقدار تیزی سے زور پکڑ رہی ہیں اور معاشرے میں بنیادی انسانی حقوق کے حصول کا احساس پختہ ہو گیا ہے، پاکستان امن وامان اور معیشت کے حوالے سے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے،وہ امریکی تھنک ٹینک’ایسٹ ویسٹ سینٹر‘ کے توسط سے پاکستان کے دورے پر آئے مختلف ممالک کے صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ 2014سے ملک میں انتہا پسندی کے خلاف حتمی امن مشن کا آغاز ہو چکا ہے ، جس سے ملک کے طول وعرض میں امن تیزی سے بحال ہو رہا ہے، ملک کے بیشتر اقتصادی اعشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں جو موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی حکمت عملی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی راہدایاں خطے کی تقدیر بدل دیں گی، وزیر اعظم نے ملکی باگ ڈور سنبھالنے کے فوراًبعد علاقے کے تمام ممالک کا دورہ کیا تاکہ ان ممالک سے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے حالیہ چند ماہ میں متعدد نئی کسٹمز سہولیات فراہم کی ہیں جس کی بدولت گرتی ہوئی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے جغرافیائی مقام کو معاشی قوت میں تبدیل کریں گے،پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پہلی مرتبہ عوام ، سیا سی پارٹیاں ، حکومت اور فوج ایک حکمت عملی پر متفق ہیں، ملک میں انتہا پسندی کو معاشی، سماجی اور مذہبی مسئلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں جس کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :