لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ،باقاعدہ سنگ بنیاد وزیراعظم محمد نوازشریف رکھیں گے ، لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک بڑا انقلاب ثابت ہوگا ، منصوبے پر دن رات کام کیا جائیگا،عظیم الشان منصوبے کی تکمیل کے بعد روزانہ اڑھائی لاکھ افراد میٹروٹرین کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گفتگو

منگل 8 ستمبر 2015 20:29

لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ،باقاعدہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے اور اس شاندار منصوبے کے تعمیراتی کام کاباقاعدہ سنگ بنیاد وزیراعظم محمد نوازشریف رکھیں گے ،پاکستان کے عوام کے لئے اس عظیم تحفے پر چینی قیادت کے شکر گزار ہیں ، لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک بڑا انقلاب ثابت ہوگا ، منصوبے پر دن رات کام کیا جائے گا- انہوں نے کہاکہ مزدور ، محنت کش، طلبا وطالبات، ڈاکٹر ، وکلاء، کسان، تاجر اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد اس عظیم الشان میٹروریل پر باوقارانداز سے سفر کریں گے اور منصوبے کی تکمیل کے بعد روزانہ اڑھائی لاکھ افراد میٹروٹرین کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچیں گے- انہوں نے کہاکہ لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس سروس کے کامیاب آغاز اور ملتان میں میٹروبس کے زیر تکمیل منصوبے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کی پہلی میٹروٹرین کا منصوبہ عوام کو سفر اور آمدورفت کی معیاری ،تیز رفتاراور آرام دہ سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے- میٹروٹرین اور میٹروبس کے باہم امتزاج کے بعد وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے شہری بین ا لاقوامی معیار کی ائیر کنڈیشنڈ میٹروٹرین پر سفر کر کے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر کریں گے اور انہیں نہ صرف ٹرانسپورٹ کے انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی بلکہ کرائے کے حوالے سے بحث و تکرار بھی نہیں کرنا پڑے گی-وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ تمام منصوبے ان کروڑوں عوام کی حالت زار کے پیش نظر تیار کئے گئے ہیں جو تیز دھوپ ، گرمی اور سردی میں دھواں چھوڑتی بسوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں- انہوں نے کہاکہ 27کلو میٹر طویل میٹروٹرین کا 24.3کلو میٹر حصہ زمین سے 6میٹر کی بلندی پر تعمیر کیاجائے گا جبکہ 1.7کلو میٹر زیر زمین ہوگا-ٹرین کے روٹ پر 26سٹیشن تعمیر ہو ں گے اور ایک ڈپو بھی بنے گا اور میں خود تعمیراتی کام پر ہونے والی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا-انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے ذریعے پاکستان میں سفر کے نئے کلچر کو فروغ دیا ہے اور روزانہ لاکھوں افراد میٹرو بسوں کے ذریعے اپنی منزل مقصود تک پہنچتے ہیں،اسی طرح لاہو راورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری و جدید سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے ۔

(جاری ہے)

میٹرو بس سسٹم نے عوام کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹس عوامی وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے جس کی گواہی خود عوام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اوراسے برق رفتاری سے کام کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔