قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، ابتدائی روز سیالکوٹ سٹالینز ،کراچی بلیوز ،حید رآباد ریجن اور لاہور وائٹ نے کامیابی حاصل کر لی

پہلے میچ میں حیدرآباد نے ملتان کو 8وکٹوں ،دوسرے میچ میں سیالکوٹ سٹالینز نے کراچی وائٹ کو 7رنز سے ،تیسرے میچ میں کراچی بلیو نے ایبٹ آباد کو 7وکٹوں سے اور چوتھے میچ میں لاہور وائٹ نے اسلام آباد کو3وکٹوں سے شکست دی

منگل 8 ستمبر 2015 20:53

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، ابتدائی روز سیالکوٹ سٹالینز ،کراچی بلیوز ،حید رآباد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی )کے زیر اہتمام قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے ابتدائی روز سیالکوٹ سٹالیئنز ،کراچی بلیوز ،حید رآباد ریجن اور لاہور ریجن نے کامیابی حاصل کر لی ، پہلے میچ میں حیدرآباد نے ملتان کو 8وکٹوں ،دوسرے میچ میں سیالکوٹ سٹالینز نے کراچی وائٹ کو 7رنز سے ،تیسرے میچ میں کراچی بلیو نے ایبٹ آباد کو 7وکٹوں سے اور چوتھے میچ میں لاہور وائٹ نے اسلام آباد کو3وکٹوں سے شکست دی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام جڑواں شہرؤں میں جاری ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے روز 5میچز کھیلے گئے۔اسلام آباد مر غزار کر کٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں حیدرآباد ریجن کے کپتان شر جیل خان نے ٹاس جیت کر ملتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،ملتان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 186رنز کا بنائے ،ملتان کی جانب سے صہیب مقصود 77 اور نوید یاسین نے ناقابل شکست 55رنز سکور کئے،ملتان کے کپتان کامران اکمل 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،حیدرا آباد کی جانب سے ناصر اویس نے 2اورنعمان علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کی ٹیم نے کپتان شر جیل خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.4اوورز میں 2وکتوں کے نقصان پر پورا کر لیا،حیدرآباد کی جانب سے شرجیل خان نے 45گیندؤں پر 13چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 91رنز بنائے ۔فیصل اطہر 56اور لال کمار 23رنز بنا کر ناقابل شکست رہے،شر جیل خان کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرا میچ راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں سیالکوٹ سٹالینز اور کراچی وائٹ کے مابین کھیلا گیا ،سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکتوں کے نقصان 198رنز کا ہدف دیا،سیالکوٹ کی جانب سے مختار احمد نے 67گیندؤں پر 123رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،نعمان انور نے 51رنز بنائے حارس سہیل 5اور شعیب ملک 2رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،جواب میں کراچی وائٹ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 6وکتوں کے نقصان پر 191رنز ہی بنا سکی ۔

کراچی وائٹ کی جانب سے احسان علی 76،سیف اﷲ بنگش 34اور طارق ہارون 31رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے،سیالکوٹ کی جانب سے بلاول بھٹی ،سلطان احمد نے 2،2اور عبدالر حمان اور عماد بٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سیالکوٹ کے مختار احمد کو میچ میں شاندار 123رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔قومی ٹی20کرکٹ کپ2015کے مین راونڈ کے پہلے روز کھیلے گئے تیسرے میچ میں کراچی بلیوز کی ٹیم نے ایبٹ آباد ریجن کی ٹیم کو 7وکٹ سے شکست دیدی۔

مرغزار کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جانیوالے اس میچ میں کراچی بلیوزکے کپتان نے ٹاس جیت کرایبٹ آباد کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،ایبٹ آباد کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹ کے نقصان پر 153 رنزبنائے،ایبٹ آباد کی طرف سے یونس خان نے 51رنز اورسجاد علی نے 36رنز کی اننگزکھیلی،کراچی بلیوز کی طرف سے محمد سمیع اور رومان رئیس نے 2،2وکٹ حاصل کیئے۔کراچی بلیوز کی ٹیم خالد لطیف کے آوٹ ہوئے بغیر65رنز ،فواد عالم کے45رنز اورشاہ زیب حسن کے36رنز کی بدولت16.4اوورز میں 3وکٹ کے نقصان پر اپنا حدف پورا کرنے میں کامیاب ہو گئی،ایبٹ آباد کی طرف سے احمد جمال،یاسر شاہ اور کامران غلام نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی بلیوزکے خالد لطیف کو مین آف دی میچ کا حقدار قرار دیدیا گیا۔ قومی ٹی20کرکٹ کپ2015کے مین راونڈ کے پہلے روز کھیلے گئے چو تھے میچ میں لاہور وائٹ کی ٹیم نے اسلام آباد ریجن کی ٹیم کو 3وکٹ سے شکست دیدی۔ راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اس میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے ،بابر اعظم 59،عماد وسیم 38اور شاہد یوسف 30رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

لاہور کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں لاہور وائٹ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں7وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔لاہور وائٹ کی جانب سے احمد شہزاد 48،محمد حفیظ 34،عمر اکمل 21،اظہر علی 12،سعد نسیم نے 28رنز بنائے ۔اسلام آباد کی جانب سے زوہیب احمد نے 2،شہزاد اعظم نے 3 اور ظفر گوہر نے ایک وکٹ حاصل کی ۔عمت گل کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا