اسلام آباد ٗ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے میڈیکل رسک الاؤنس کی بحالی اور مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

پولیس نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ جانے کی کوشش ناکام بنا دی ٗ پولیس کے لاٹھی چارج کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی وزیر اعظم محمد نواز شریف کا ڈاکٹرز کی ہڑتال کا نوٹس ٗمتعلقہ کو حکام کو ڈاکٹرز کی شکایات کے ازالہ کی ہدایت

منگل 8 ستمبر 2015 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے میڈیکل رسک الاؤنس کی بحالی اور مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تاہم پولیس نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ جانے کی کوشش ناکام بنا دی ٗ پولیس کے لاٹھی چارج کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ڈاکٹرز کی ہڑتال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کو حکام کو ڈاکٹرز کی شکایات کے ازالہ کی ہدایت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کے سٹاف کی جانب سے ہڑتال کی گئی جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے وزیراعظم سیکریٹریٹ جانے کی کوشش کی تو خاردار تاروں کے پیچھے انہیں لاٹھیوں سے لیس پولیس اہلکاروں کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

چند ایک احتجاجی مظاہرین نے خار دار باڑھ عبور کرنے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کے ذریعے پیچھے دھکیل دیا احتجاجی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں لاٹھی چارج کے باعث کچھ مظاہرین زخمی ہوئے اور کچھ کو حراست میں لے لیا گیا۔ لیڈیز پولیس اہلکاروں نے سفید کوٹ میں ملبوس چیختی، چلاتی، احتجاجی لیڈی ڈاکٹرز کو ڈنڈا ڈولی کر کے اٹھایا اور گھسیٹتے ہوئے لے گئیں۔

لیڈیز پولیس پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکتی رہیں۔ انہوں نے کچھ لیڈی ڈاکٹرز اور نرسز کو گردنوں سے پکڑا تو کچھ کو گریبانوں سے جکڑ لیا شہر اقتدار کی پولیس نے ڈاکٹروں پیرا میڈیکل اسٹاف کی جی بھر کر اور آزادانہ دھلائی کی، مظاہرین اور پولیس کی محاذ آرائی کے دوران پورا علاقہ میدان جنگ بنا رہا دوسری جانب وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہڑتال کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کی شکایات کا ازالہ کیا جائے ۔