یو ایس ایڈ کی امداد،اسلام آباد کے سرکاری اسکول میں ”پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ“ کے تحت چار نئی موبائل لائبریریوں کا افتتاح

بدھ 9 ستمبر 2015 11:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) امریکہ پاکستان کے شعبہ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے معاونت کرتا چلا آ رہا ہے اور اسی سلسلے میں اس نے موبائل لائبریری کی صورت میں مزید سہولت بھی فراہم کی ہے۔گزشتہ روز امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی "یو ایس ایڈ" کی نائب مشن ڈائریکٹر کیتھی مور نے خواندگی کے عالمی دن کی مناسبت سے اسلام آباد کے سرکاری اسکول میں "پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ" کے تحت چار نئی موبائل لائبریریوں کا افتتاح کیا۔

امریکی سفارتخانے سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ موبائل لائبریریوں کے تحت چار نئی بسیں پاکستان کے 300 سے زائد علاقوں تک کتب کی رسائی ممکن بنائیں گی جن میں صرف اسلام آباد ہی کے ایک سو پرائمری اسکولوں کے 2500 سے زائد طلبا مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملک کے کئی دیہی علاقے جہاں روایتی لائبریری یا اس کے ذرائع موجود نہیں وہاں بھی بچے اس سے استفادہ کر سکیں گے۔

کیتھی مور نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کا یہ پروگرام پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری اور مطالعے کے فروغ کے لیے امریکی روایت کا تسلسل ہے۔ان کے بقول موبائل لائبریریز کے ذریعے بہت سے علاقوں تک کتابیں اور دیگر رسائل براہ راست پہنچ سکیں گے۔سفارتخانے کے بیان کے مطابق ان بسوں میں لائبریری کا تربیت یافتہ عملہ موجود ہوگا جو بچوں اور طلبا و طالبات کے لیے کہانیاں سنانے کی نشستوں کے علاوہ دیگر افراد کے ساتھ خواندگی کی اہمیت پر گفتگو بھی کرے گا۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کا "پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ" 16 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی لاگت سے ملک بھر میں پرائمری اسکول کے بچوں کے مطالعے کی عادت کی حوصلہ افزائی کے لیے صوبائی اور علاقائی محکمہ تعلیم کی معاونت کا منصوبہ ہے۔بیان کے مطابق یہ پروگرام بنیادی تعلیم کے تین مربوط شعبوں، مطالعے کے لیے کلاس روم کے ماحول میں بہتری، بہتر پالیسیوں اور نظام کا قیام اور مختلف علاقوں کی سطح پر مطالعے کے فروغ کے اقدامات کو بروئے کار لا کر وضع کیا گیا ہے۔